• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وویک اوبرائے کا کیریئر کے مشکل دور میں انڈر ورلڈ کی دھمکیوں کا انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے ایک مشکل دور میں مجھے شدید مخالفت اور انڈر ورلڈ کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کئی افراد نے میرے ساتھ فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔

ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وویک اوبرائے نے بتایا کہ غلط سمجھے جانے والے معاملات کے خلاف آواز اٹھانے کے بعد مجھے شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

 انہوں نے کہا ہے کہ کامیاب فلمیں دینے اور ایوارڈز جیتنے کے باوجود بالی ووڈ کے ایک طاقت ور گروہ نے میرے خلاف محاذ سنبھال لیا اور مجھے فلمی دنیا میں تنہا کر دیا گیا۔

اداکار کے مطابق کئی افراد نے میرے ساتھ سائن کی گئی فلموں سے علیحدگی اختیار کر لی، بعض لوگ اخلاقی بنیادوں پر میرا ساتھ دینے کے لیے تیار تھے، لیکن کچھ ہفتوں بعد انہوں نے بھی رابطہ کر کے بتایا کہ انڈر ورلڈ کی جانب سے فون کالز موصول ہوئی ہیں۔

وویک اوبرائے نے بتایا کہ ان افراد کو دھمکیاں دی گئیں کہ اگر انہوں نے میرے ساتھ فلموں میں کام کیا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، بعض افراد نے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے سے انکار کر دیا۔

 اداکار نے اسے اپنی زندگی کا انتہائی اذیت ناک دور قرار دیا ہے۔

اس سے قبل 2024ء میں بھی وویک اوبرائے نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ فلمی صنعت کی بااثر شخصیات کے ساتھ تنازع کے بعد مجھے انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

وویک اوبرائے اور سلمان خان کے درمیان تنازع اس وقت خبروں میں آیا تھا جب ایشوریا رائے اور سلمان خان کے تعلقات ختم ہونے کے بعد وویک اوبرائے کا نام ایشوریا کے ساتھ جوڑا جانے لگا تھا۔

بعد ازاں وویک اوبرائے نے ایک پریس کانفرنس میں سلمان خان پر دھمکی آمیز فون کالز کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

وویک اور ایشوریا کے راستے 2003ء میں جدا ہو گئے تھے، جبکہ ایشوریا نے 2007ء میں ابھیشیک بچن سے شادی کر لی تھی۔

وویک اوبرائے نے 2010ء میں پریانکا سے شادی کی، ان کے 2 بچے ہیں، جن کے نام ویوان ویر اور امیہ نروانا ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید