بالی ووڈ اداکارہ نیتو کپور نے اپنی شادی کی سنگیت تقریب کی ایک یادگار تصویر شیئر کر کے ماضی کی یادیں تازہ کردیں، جس میں پاکستان کے لیجنڈ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان گائیکی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نیتو کپور نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر کے ساتھ لکھا ’ہماری سنگیت کی رات‘۔ تصویر میں رشی کپور بھی نصرت فتح علی خان کی پُرسوز گائیکی سے محظوظ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، تصویر پر درج عبارت میں اس لمحے کو نایاب یاد قرار دیا گیا ہے۔
رشی کپور اور نیتو سنگھ کی شادی 22 جنوری 1980ء کو ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع آر کے ہاؤس میں ہوئی تھی۔
ایک انٹرویو میں نیتو کپور نے اپنی شادی کی تقریب سے متعلق دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تقریب میں لوگوں کا غیر معمولی ہجوم تھا، جس کے باعث میں بے ہوش ہوگئی تھی، رشی کپور کو بھی ہجوم سے خوف محسوس ہوتا تھا اور گھوڑی پر سوار ہونے سے پہلے وہ بھی بے ہوش ہوگئے تھے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ شادی میں جیب کتروں نے مہمانوں کا روپ دھار کر شرکت کی تھی، جیب کتروں نے جو تحائف دیے، ان میں پتھر اور چپلیں بھی شامل تھیں، تقریب میں غیر معمولی رش کے باعث انہیں اصل مہمان سمجھ لیا گیا تھا۔
رشی کپور 30 اپریل 2020ء کو 67 برس کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں انتقال کر گئے تھے، وہ 2 سال سے لیوکیمیا کے مرض میں مبتلا تھے۔