بھارتی اداکارہ نیتو کپور نے انکشاف کیا ہے کہ شوہر رشی کپور کی وفات کے بعد میں شدید ذہنی دباؤ اور بے خوابی کا شکار ہو گئی تھی، کئی ماہ تک میں شراب پیے بغیر سو نہیں پاتی تھی جس کے بعد مجھے طبی مدد لینا پڑی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا ہے کہ رشی کپور کی وفات کے بعد میں ٹوٹ گئی تھی، ابتداء میں دوستوں نے مجھے تھیراپی لینے کا مشورہ دیا لیکن مجھے اس پر یقین نہیں آتا، انسان کو خود مضبوط ہونے کا فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔
نیتو کپور نے کہا کہ غم سے بچنے کے لیے میں نے شراب نوشی شروع کر دی تھی تاکہ ذہن کو سکون مل سکے اور نیند آ جائے مگر میں خود کو اس حالت میں دیکھ کر پریشان بھی تھی۔
اِن کا کہنا ہے کہ کچھ مہینوں بعد پھر میں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا جس کے بعد ایک ڈاکٹر روزانہ میرے گھر آ کر مجھے انجکشن لگاتا تھا اور اس وقت تک میرے گھر میں رُکتا تھا جب تک میں سو نہیں جاتی تھی۔
اداکارہ کے مطابق یہ سلسلہ تقریباً 10 دن تک جاری رہا جس کے بعد میں نے خود کو بہتر محسوس کیا اور آہستہ آہستہ معمول کی زندگی کی جانب واپس لوٹ آئی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ فلموں میں واپسی نے مجھے دوبارہ اعتماد دیا، فلم ’جگ جگ جیو‘ کی شوٹنگ کے دوران میں ہر سین سے پہلے کانپتی تھی لیکن کام نے مجھے ذہنی طور پر سنبھلنے میں بہت مدد دی۔
نیتو کپور نے واضح کیا کہ اب میں صرف اپنی خوشی کے لیے کام کرتی ہوں کیونکہ اداکاری مجھے سکون دیتی ہے اور منفی خیالات سے دور رکھتی ہے۔