گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پشاور میں گرنے والے اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی تین منزلہ عمارت گر گئی، ایک ٹیچر اور 34 بچے جاں بحق، 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے اسکول حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کےلیے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے واقعےمیں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔