• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم، فرانسیسی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو اسنادِ سفارت پیش کردیں

پیرس: پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پوئریر نے بدھ کے روز ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ اس سفارتی تقریب کو پاکستان اور فرانس کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کے تناظر میں اہمیت حاصل ہے۔

بگھی میں سوار ہوکر ایوان صدر پہنچنے والے فرانسیسی سفیر کو فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور سلامی بھی دی گئی، انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی روابط میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کو اُجاگر کیا گیا۔

فرانس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بات چیت، باہمی رابطوں اور عملی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

پاکستان اور فرانس کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کے ساتھ معاشی تعاون، تعلیمی تبادلے، ثقافتی سرگرمیاں اور عوامی سطح پر رابطے بھی دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہیں۔

فرانس میں مقیم پاکستانی برادری بھی دونوں ملکوں کے درمیان سماجی، ثقافتی اور معاشی روابط کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی، توانائی، تعلیم، ہنرمندی، تجارت اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات دونوں ملکوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

توقع ہے کہ نئے سفیر کی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید