پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن پارلیمنٹ شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبوں کو بیرونی جارحیت سے محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیپلز پارٹی نے اپنی قیادت کھوئی ہے۔ دہشتگردی صرف خیبر پختونخوا کا نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایمرجنسی لگانے کا بہانہ نہیں، اپوزیشن غلط بیانیہ مت بنائے۔ کاش آپ بتا سکتے کہ صوبائی حکومت نے کس طرح دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔
رکن اسملبی پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صوبوں اور دہشتگردی کے شکار لوگوں کے خلاف نفرتوں کو مت بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی وزیراعلیٰ کا وفاق سے تعاون نہ کرنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ملکی بقا اور امن سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔