معروف عالم دین و مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے پشاور میں اسکول کی عمارت گرنے کے نتیجے میں بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں طارق جمیل نے کہا کہ پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت کا سانحہ انتہائی المناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ننھی جانوں کا یوں دنیا سے رخصت ہو جانا اور علم کی روشنی پھیلانے والے اساتذہ کا اس حادثے کا شکار ہونا ایک ایسا صدمہ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔
خیال رہے کہ پشاور میں اسکول کی عمارت کی چھت گر گئی، جس سے 34 بچے اور ایک ٹیچر جان سے گئے، 53 بچے زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق تیسری منزل سے بیس سے پچیس فٹ کی اونچائی سے چھت نیچے گری ، تیسری منزل کی چھت کمزور ہوچکی تھی، چھت پر ایک سو دس سے ایک سو پندرہ بچے موجود تھے، چھت وزن برداشت نہیں کرسکی اور گر گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کمزور پڑ چکی تھی، ایک ٹیچر نے بھی چند روز پہلے چھت کی مرمت کی نشاندہی کی تھی، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔