الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کا فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کی چٹھی اور ڈرافٹ الیکشن پروگرام کا جواب دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن دسمبر کے بجائے اپریل میں کرانا چاہتی ہے، پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ دسمبر میں سردی اور دھند اور فروری میں رمضان ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں کروانا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن نےحکومت پنجاب کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پنجاب حکومت کے ساتھ 20 اگست کو مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا تھا، پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات 15دسمبر سے 15جنوری کے دوران کروانے پر رضامند ہوئی تھی۔ لیکن اب صوبائی حکومت ان تجویز کردہ تاریخوں کو تبدیل کروانا چاہتی ہے۔
حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ الیکشن پروگرام منظوری کیلیے فوراً پیش کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق کمیشن نے صوبائی حکومت کو افسران کی لسٹ مہیا کرنے کا کہا تھا، افسران کی فہرستیں ابھی تک مہیا نہیں کی گئیں، جو مایوس کن ہے، حکومت پنجاب ایک ہفتہ کے اندر افسران کی فہرستیں مہیا کریں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ایڈیشنل سیکریٹری وزارت دفاع، ڈی جی ملٹری لینڈ سے 15 اپریل کو مشاورت ہوئی تھی، الیکشن کمیشن نے سیکریٹری وزارت دفاع کو وفاقی حکومت کو سمری بھجوانے کا کہا تھا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق وزارت دفاع کو یاد دہانی کے کئی خطوط لکھے گئے، چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے وزیر اعظم کو بھی خط ارسال کیا گیا، وزیراعظم اور وزارت دفاع سے بھی کوئی خاطرخواہ جوا ب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ میں الیکشن شیڈول فوری طور پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کنٹونمنٹس میں انتخابات کا پروگرام الیکشن کمیشن کو منظوری کیلیے پیش کیا جائے۔