• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹبال کی ترقی کیلئے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

فیفا نے دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنالیا، 211 رکن ممالک کو فی کس ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد فٹبال کی ترقی کے لیے فنڈز بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ؃فیفا نے 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے مجوزہ فنڈنگ دگنی سے زیادہ کرنے کا منصوبہ پیش کردیا۔

فیفا کے مجوزہ منصوبے کے تحت پاکستان سمیت تمام 211 رکن ممالک کو اضافی فنڈز مل سکیں گے، فیفا کے نئے فنڈنگ منصوبے کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں فیفا کانگریس سے مشروط ہوگی۔

فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں نئے فنڈنگ منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی، فیفا فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال اور انفرااسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔

فیفا نے ہنگامی حالات کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کردی۔

فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے پر غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی، جیانی انفینٹینو نے فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ مستقل طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔

فیفا صدر کا کہنا ہے کہ متنازع منصوبہ کسی بھی شکل میں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا، فیفا کے فنڈز اس کے 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں فی رکن ملک فنڈنگ 10 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا، فٹبال سب کے لیے اور ہر جگہ ہے۔

 فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے بتایا کہ فیفا کونسل کا تنظیمی گورننس میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیفا کونسل نے فیفا پیس پرائز کا جائزہ لینے کی ذمہ داری متعلقہ کمیٹی کو سونپ دی ہے۔

فیفا پیس پرائز سے متعلق فیصلہ دسمبر میں ہونے والے فیفا کونسل اجلاس میں کیا جائے گا۔

فیفا کونسل نے کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی فٹبالر فولارین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد تادیبی قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔

فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں تادیبی طریقہ کار سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید