• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے اداکار فن پر پیسے کو ترجیح دیتے ہیں، سبھاش گھئی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے سینئر فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سبھاش گھئی کا کہنا ہے کہ آج کی نسل کے اداکار فن کے بجائے پیسے کو ترجیح دیتے ہیں، انھوں نےاپنی فلموں کے اداکاروں کی جانب سے 40 فیصد معاوضہ لینے کا انکشاف کیا۔

واضح رہے کہ سبھاش گھئی بالی ووڈ کے چوٹی کے اداکاروں انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ، شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے سمیت متعدد اداکاروں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

وسطی بھارت کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والے 81 سالہ سبھاش گھئی نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں کئی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کی، جن میں کھل نائیک، ہیرو، پردیس اور تال شامل ہیں، انھوں نے موجودہ دور کے اداکاروں کی جانب سے اپنے فن کے بجائے پیسے کو ترجیح دینے کے رجحان پر ایک انٹرویو میں کہا کہ آج کاروبار نے فن کی جگہ لے لی ہے۔ 

سبھاش گھئی نے کہا کہ آج کے نوجوان زیادہ پیسہ کمانا چاہتے ہیں اور ان کی توجہ فن پر کم ہے۔ ہمارے دور میں اداکار فنکار بننا چاہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ پیسہ بالآخر خود ہی آ جائے گا۔ کوئی بھی پہلے پیسوں کے انتظار میں نہیں بیٹھتا تھا۔ وہ ہدایت کار، کہانی اور کردار کو دیکھ کر فلم سائن کرتے تھے۔ میری فلموں کے بیشتر ستاروں نے طے شدہ معاوضے کا صرف 40 فیصد لیا، کیونکہ وہ کردار اور کہانی میں دلچسپی رکھتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا آج اگر آپ کسی اداکار سے کہیں کہ وہ صرف 40 فیصد معاوضہ لے، تو اس کے چار منیجرز مداخلت کریں گے اور تین پی آر نمائندے مل کر اس اداکار کو ایک مشہور شخصیت کے طور پر پیش کرنے لگیں گے۔ آج اداکاروں کے پاس فلموں کے علاوہ بھی آمدنی کے کئی ذرائع ہیں۔ لیکن یہ سب عارضی ہوتے ہیں، تین سے چار سال بعد ان کی مقبولیت ختم ہو جاتی ہے۔ پھر وہ منظر سے غائب ہو جاتے ہیں اور ان کی جگہ کوئی اور لے لیتا ہے۔

کافی ود کرن کے سیزن 9 میں سلمان خان نے بھی فلمی صنعت کے اس مسئلے کی نشاندہی کی تھی۔ کرن جوہر نے بالی ووڈ کے معروف ستاروں کی مسلسل مقبولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تھا کہا کہ 2026 میں اکشے کمار، اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے بڑے اداکاروں کی فلمیں کامیاب رہیں۔ ان کے مطابق ان اداکاروں کی جانب سے شائقین کو سینما گھروں تک لانے کی صلاحیت ظاہر کرتی ہے کہ ان کی نسل اب بھی فلمی دنیا میں اہمیت رکھتی ہے۔

کرن جوہر کی بات کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا ہماری نسل اپنے کام میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ہم گھر سے باہر نکل کر اچھا کام کرنا چاہتے ہیں۔ کبھی کام اچھا ہو جاتا ہے اور کبھی ایسا نہیں ہوتا۔

اداکار نے فلم بناتے وقت واضح تخلیقی سوچ کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا ہم ایسی فلمیں بناتے ہیں جنہیں ہر بھارتی اپنے پورے خاندان کے ساتھ بیٹھ کر آرام سے دیکھ سکے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید