وزیراعظم شہباز شریف نے عازمین حج اور عمرے کی ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ویکسین کی خریداری کی تحقیقات کے لیے کابینہ سیکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی گئی، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، سربراہ ڈریپ، اٹارنی جنرل آفس کا نمائندہ اور ایم ڈی پیپرا کمیٹی میں شامل ہیں، تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ویکسین کی قیمتوں، ٹینڈر کے طریقہ کار، آمدن کی تقسیم کے معاہدوں کی تحقیقات کرے گی۔
ویکسین کی فراہمی کا ٹھیکا 7 کمپنیوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، عمرہ زائرین سے ویکسینیشن پیکیج کے تقریباً 4500 روپے وصول کیے جانے پر بھی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے عمرے کے لیے انفلوئنزا ویکسین لازمی قرار نہیں دی، وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔