کراچی کے علاقے قلندریہ چوک کے قریب شاہراہِ نور جہاں پر پولیس کے ساتھ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سینٹرل کراچی ڈاکٹر عمران خان کے مطابق پولیس کے ساتھ ڈاکوؤں کا مقابلہ قلندریہ چوک کے قریب شاہراہِ نور جہاں پر ہوا۔
ڈاکٹر عمران خان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہری کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کی اور ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
ایس ایس پی سینٹرل نے مزید بتایا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 5 موبائل فونز اور سی ڈی 125 موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور برآمد ہونے والے موبائل فونز اور موٹرسائیکل کی جانچ پڑتال جاری ہے۔