• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی سی پی کا سرکاری خریداری میں بڈ رگنگ کی نشاندہی کیلئے اے آئی پر مبنی نظام تیار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سرکاری خریداری میں بڈ رگنگ کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نظام تیار کرلیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سسٹم پروکیورمنٹ ڈیٹا میں مشتبہ بولیوں اور ممکنہ گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرے گا۔

چیئرمین سی سی پی فرید تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سالانہ تقریباً 60 ارب ڈالرز سرکاری خریداری پر خرچ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کھربوں روپے کی سرکاری خریداری کی نگرانی صرف شکایات اور دستی جانچ سے ممکن نہیں، اے آئی نظام تحقیقاتی وسائل کو زیادہ خطرے والے معاملات پر مرکوز کرنے میں مدد دے گا۔

نظام سے پیدا ہونے والے الرٹس کسی خلاف ورزی یا کارٹیل کا حتمی تعین نہیں ہوں گے، ہر الرٹ کی آزادانہ تصدیق، شواہد جمع کرنے اور قانونی جانچ ضروری ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق سی سی پی کا بڈ رگنگ ڈیٹیکشن سسٹم اسٹینفورڈ کی عالمی اینٹی ٹرسٹ رپورٹ میں شامل ہے، اسٹینفورڈ رپورٹ میں دنیا کے 30 مسابقتی اداروں کے تجربات پیش کیے گئے ہیں۔

سی سی پی کے مطابق بڈ رگنگ ڈیٹیکشن سسٹم قبل از نفاذ انتظامات کے پیش رفتہ مرحلے میں ہے، نظام کے نفاذ کے لیے وفاقی و صوبائی پروکیورمنٹ اتھارٹیز اور ایس ای سی پی سے ادارہ جاتی مفاہمت طے پاگئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق جدید نظام سے سرکاری خریداری میں منصفانہ مسابقت اور عوامی وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔

قومی خبریں سے مزید