ضلع کرم کے علاقے بگن سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی 3 ہفتے گزرنے کے بعد بھی اب تک نہ مل سکی۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تلاش اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ڈی پی او کے مطابق 14 سالہ لڑکی مبینہ طور پر ناراض ہو کر گھر سے نکلی تھی جس کے بعد وہ بگن، لوئر کرم سے لاپتہ ہوگئی۔
ان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے 4 نامزد ملزمان سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بعض ملزمان کی گرفتاری کے دوران مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ اور فائرنگ بھی کی تھی تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پا لیا۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد مزید کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مغوی لڑکی کی فوری بازیابی کے لیے ڈپٹی کمشنر عمائدین سے رابطے میں ہیں۔