حکومت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد کر دی۔
حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ممکن ہے، اپوزیشن لیڈر کا وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ کسی اور مقام پر اصرار قابلِ قبول نہیں ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو 2 خطوط لکھے، جن کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر بتائیں وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب تشریف لا رہے ہیں۔