• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین ملکی کرکٹ سیریز، پہلے میچ میں آج پاکستان سری لنکا آمنے سامنے

کراچی(عبدالماجدبھٹی)صاحبزادہ فرحان نے بیٹنگ میں شاندارکارکردگی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی میں سیریز جیت کر سرخرو ہوئے،اب ون ڈے سیریز میں شاہین شاہ آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کو دو ایک سے شکست دینے والی ٹیم کے اہم کردار صاحبزادہ فرحان اور معاذصداقت ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں۔پاکستان،انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز ا توار کو پنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے۔ افتتاحی میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔پاکستان کی اچھی کارکردگی کے لئے تمام تر توجہ کا مرکز دو سا بق کپتان بابر اعظم،سلمان علی آغااور فاسٹ بولرز شاہین آفریدی،حارث روف اور فہیم اشرف ہوں گے۔پانچوں ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہیں تھے جبکہ تین ٹیموں میں سے دو پاکستان اور انگلینڈ کے کوچ مائیک ہیسن اور برینڈن میکالم کا تعلق انگلینڈ اور سری لنکا کے ہیڈ کوچ کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے۔ سیریز ورلڈ کپ 2027 کے لیے پاکستان ٹیم کی تیاری کا آغاز ہے جو آئندہ سال جنوبی افریقا، نمیبیا اور زمبابوے میں ہوگا۔20 اکتوبر کو پاکستان ٹیم راولپنڈی میں ہی انگلینڈ کا سامنا کرے گی۔ 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہوگا جس کے بعد 31 اکتوبر کے فائنل سمیت چار میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کررہے ہیں۔ سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس ہیں جبکہ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک ہیں۔انگلش ٹیم جوز بٹلر اور سری لنکا پاتھم نسانکا کی خدمات سے محروم ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے پاکستان نے 6ون ڈے سیریز کھیلی ہیں جن میں سے اسے ملک سے باہر کھیلی گئی تینوں سیریز میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی ہیں۔