• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ، اگلے اولمپکس میں رسائی پاکستان کے لئے بڑا چیلنج

کراچی(عبدالماجد بھٹی)لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے پاکستان کو کوالیفائی کرنا اگلے سال ان کے اہم ترین چیلنجز میں سے ایک ہوگا اس سال ابھی تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوئی ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول نہیں ہے۔حیران کن طور پر   128 سال بعد اولمپک گیمز میں کرکٹ کی واپسی کی اہمیت کے باوجود اس کے کوالیفکیشن کے عمل پر بہت کم توجہ دی گئی۔ لاس اینجلس اولمپکس 14 سے 30 جولائی 2028 تک ہوں گے، جن میں مردوں اور خواتین کی چھ، چھ ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں حصہ لیں گی۔خواتین کی چار ٹیمیں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقاپہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں، جبکہ مردوں کی ٹیمیں بھی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ کے ذریعے براہِ راست کوالیفکیشن حاصل کرنے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ مردوں کی براہِ راست کوالیفکیشن کے لیے حتمی تاریخ 31دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے ٹاپ رینکنگ کی اہل ٹیمیں آگے بڑھیں گی، بشرطیکہ وہ دنیا کی سرفہرست 15 ٹیموں میں شامل ہوں۔ میزبان ملک ہونے کے ناطے امریکا براہ راست کوالیفائی کر سکتا ہے اگر وہ رینکنگ کے معیار پر پورا اترے۔اولمپکس میں شرکت کی آخری نشست کا فیصلہ 2027یں آٹھ ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی اولمپک کوالیفائر کے ذریعے کیا جائے گا۔