• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو پاکستان کا دورہ کریں گے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 تا 22 اکتوبر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر کے ہمراہ خاتون اوّل ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان آئے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر مالدیپ کے صدر پاکستان آئیں گے۔

وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سےملاقاتیں کریں گے، صدر مالدیپ کے اعزاز میں صدرِ مملکت کی جانب سے سرکاری عشائیہ دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مالدیپ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور ہوگا جبکہ صحت، تعلیم، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مالدیپ علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی صدر مالدیپ کے دورے کا حصہ ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 60 سال ہو رہے ہیں۔


قومی خبریں سے مزید