• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، نواز شریف کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے نقاب پوش افراد کی ویڈیو سامنے آگئی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لندن میں نواز شریف کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے نقاب پوش افراد کی ویڈیو سامنے آگئی۔ دونوں ڈیلیوری رائیڈرز کا روپ دھارے ہوئے تھے،گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، پرزے بھی نکال لیے۔ لیگی عہدے داروں نے واقعے کو ممکنہ سیاسی محرکات کے تحت حملہ قرار دیدیا، فوٹیج پولیس کے حوالے، تحقیقات جاری ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ استعمال گاڑیوں کو وسطی لندن میں ان کی ایون فیلڈ رہائش گاہ کے باہر نقاب پوش دو افراد نے نشانہ بنایا۔ دونوں افراد ڈیلیوری رائیڈرز کا روپ دھارے ہوئے تھے۔ انہوں نے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ان کے کچھ پرزے بھی نکال لیے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں نے اس واقعے کو ممکنہ طور پر سیاسی محرکات کے تحت کیا جانے والا حملہ قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے رہنما خرم بٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد رات تقریباً 12 بجے موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچے۔ انہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور دستانے پہن رکھے تھے۔ اس کے بعد وہ سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر کھڑی گاڑیوں کے قریب گئے۔ نواز شریف اپنے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے ہمراہ طبی معائنے کے لیے ایک ہفتے کے دورے پر لندن میں موجود ہیں۔ خرم بٹ کے مطابق مشتبہ افراد نے گاڑیوں سے چار اشیا نکالیں اور کم از کم ایک گاڑی کے سائیڈ مرر کو نقصان پہنچایا۔ تاہم مالی نقصان کی اصل مالیت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ فوٹیج میں واقعے کے وقت اسی سڑک پر تقریباً سات سے دس دیگر گاڑیاں بھی کھڑی نظر آتی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید