السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
تین صفحات پر بات
آج صرف تین صفحات پربات ہوگی۔’’آپ کا صفحہ، ’’نئی کتابیں‘‘ اور ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘۔ ویسے پورے سنڈے میگزین سے مستفید ہونے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ صحت کا صفحہ عام قارئین کے لیے بےحدسودمند ثابت ہورہا ہے کہ اس میں صرف امراض ہی کی بات نہیں، علاج و احتیاط کی تفصیل بھی موجود ہوتی ہے۔
ایک وقت تھا، جب لوگ کتابوں سے پیار کرتے تھے، لیکن جدید دَور ڈیجیٹل ہے، انٹرنیٹ کا زمانہ ہے، ایسے میں نئی کتابوں پر تبصرے کا سلسلہ شان دار ہے۔ اِسی طرح خطوط نگاری بھی یک سرمعدوم ہوچُکی ہے۔ ’’قلمی دوستی‘‘ وغیرہ کا تو تصور ہی ختم ہو گیا ہے۔ اس اعتبار سے’’آپ کا صفحہ‘‘ بھی کسی نعمت سے کم نہیں اور اتنی محنت وہمت آپ ہی کا خاصّہ ہے۔ (شری مُرلی چند گوپی چند گھوگھلیہ، شکارپور)
ج: ازحد شکریہ، آپ نے بھی اپنے روایتی فارمیٹ کا پیچھا چھوڑ کے کچھ مختلف لکھنے کی کوشش فرمائی۔
زخم تازہ ہوگئے
’’تقسیمِ ہند‘‘ پر رابعہ فاطمہ کی تحریر پڑھ کر دل بہت دُکھی ہوا۔ وہ زخم اور یادیں، جنہیں ہم کسی حد تک بھول چُکے تھے، پھر سے تازہ ہوگئے۔ مگر خوشی اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو بھی معلوم ہوا کہ اُن کے بزرگوں نے کیسے اپنی جان ومال رشتے، دوستیاں قربان کرکے یہ مُلک حاصل کیا تھا۔ شاید اِسی طور اُنھیں آزادی کی قدروقیمت سے آگہی حاصل ہوجائے۔
’’انسانی اعضاء کا عطیہ‘‘ بلاشبہ کسی انسان کی جان بچانے سے بڑھ کر کیا نیکی کا کام ہو سکتا ہے۔ ’’متفرق‘‘ میں اسد اشرف ملک کی اعلیٰ نگارش ’’مُحبّت، فنائے ذات کا سفر‘‘ جو چھے دل آویز، رُوح پرور منازل پر مشتمل تھی، پڑھ کر رُوح تک تاثیر اُترگئی۔
’’ڈائجسٹ‘‘کا صفحہ بھی۔ صُبح اُمید، پاکستان زندہ باد اور مفہومِ آزادی کے عنوانات تلے عُمدگی سے مرتب ہوا۔ اور’’آپ کا صفحہ‘‘ میں شائستہ اظہر صدیقی کے خط کے تو کیا ہی کہنے۔ اَن مول، لاجواب۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ)
47 بہاریں دیکھنے کے بعد
اسے اپنی غفلت کہوں یا جہالت؟ یا پھر اس دورِجدیدکی کارستانی کہ زندگی کی 47بہاریں دیکھنے کے بعد معلوم ہوا کہ اس دنیا یعنی پاکستان میں ہر اتوار ایک خُوب صُورت جریدہ شائع ہوا کرتا ہے، جسے دنیا ’’سنڈے میگزین‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔
وہ تو بھلا ہو، میری بڑی بھانجی غزالہ فردوس کا کہ وہ گاؤں آئی تو اُس نےبتایا کہ ’’خالہ! میرا ایک خط جنگ اخبار کے ہفتہ وار رسالے میں شائع ہوا ہے اور ایڈیٹر نے میری حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔‘‘ اور ساتھ ہی بیگ سے نسبتاً بڑے سائز کا جریدہ نکال کے دکھایا۔ اتفاق سے اگلے روز اتوار ہی تھا، تو بیٹے شہریار سے کہا کہ ’’سنڈے میگزین خرید لاؤ۔‘‘ وہ تو پورا جنگ اخبار ہی لے آیا اور بتایا کہ رسالہ اخبار کے ساتھ ہی ملتا ہے۔
اخبار پر ایک نظر ڈالنے کے بعد فوراً سے پیش تر جریدہ دیکھا۔ پہلا صفحہ ہی خُوب صُورت تھا۔ اگلے صفحے پر مشرقِ وسطیٰ میں جنگ سے متعلق مضمون پڑھا تو ضرور، لیکن کچھ خاص سمجھ نہیں آیا۔ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی بےقدری سے متعلق بہت اچھا لکھا گیا۔ میرا بھی یہی خیال ہے کہ آج بچّوں کو موجودہ دَور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے ساتھ ہُنرمند بنانا بھی اشد ضروری ہے۔
’’دوستی کےعالمی یوم‘‘ پر مضمون اچھا تھا، لیکن میرے خیال میں نت نئے دوست بنانے کی بجائے اپنے بچّوں کو وقت دینا زیادہ ضروری ہے۔ ڈاکٹر سکندر نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس پاکستان میں شوگر کے مرض کی طرح پھیل رہا ہے۔ ’’اسٹائل‘‘ کے صفحات پر ایک پیاری سی لڑکی کی رنگارنگ ملبوسات میں تصویریں بہت اچھی لگیں، خصوصاً بلیک کڑھائی والا لباس بہت پسند آیا، مجھے خود بھی بچّوں، بڑوں کے کپڑوں کی کٹنگ، سلائی کا بہت شوق ہے۔
شائستہ اظہر کی تحریر بہت دل کش تھی۔ اس کے علاوہ دو تحاریر’’جگ کی خالہ‘‘، ’’ٹاکسک‘‘ اور نئی کتابوں پر تبصرہ بےحد پسند آئے۔ اب لیجیے، آگیا آخری صفحہ، جس کی خاطر مجھے تین چار دن لگا کر پورا جریدہ پڑھنا پڑا۔ تمام ہی خطوط کا کئی مرتبہ مطالعہ کیا تاکہ اندازہ ہو، کسی اخبار کو خط کیسے لکھاجاتا ہے کہ محفل میں حاضری سے پہلے محفل کے آداب جاننا ضروری ہوتے ہیں۔ (فرزانہ اسلم جالندھری، گرجاکھ، گوجرانوالہ سٹی)
ج: خوش آمدید فرزانہ صاحبہ! یقین کریں، آپ کی آمد سے ازحد خوشی ہوئی، فارسی ضرب المثل ’’دیر آید درست آید‘‘ ایسے ہی مواقع پر سو فی صد درست معلوم ہوتی ہے۔
کوئی پیش رفت نہیں؟
سنڈے میگزین میں ’’حالات و واقعات‘‘ کا صفحہ بےحد شوق سے پڑھتا ہوں۔ منور مرزا بہت ہی اچھا لکھتے ہیں۔ میری اُن سے گزارش ہے کہ وہ انڈسٹریل سسٹم اور گلوبل وارمنگ پر بھی کچھ لکھیں۔ ہم گزشتہ سال اور اس سال بھی شدید بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود حکومت کی طرف سے کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی، حد تو یہ ہے کہ اس کارخانہ داری نظام نے سب کچھ تہہ و بالا کردیا ہے۔ (ندیم انور عقیل، سمبڑیال، ضلع سیال کوٹ)
ج: آپ کے دوصفحات کےطویل خط میں سے ابتدائی تین سطروں کے سوا ہمارے ککھ پلّے نہیں پڑا۔ دماغ میں بس ایک ہی بات گردش کرتی رہی ’’کہنا کیا چاہتے ہو…؟؟‘‘
دو صفحات کیوں؟
اس بار منور مرزا نے ’’حالات و واقعات‘‘ میں ٹیرف کے دباؤ پر مضمون تحریر کیا، پتا نہیں، یہ ٹیرف بھی کیا بلا ہے، نام سُن سُن کر کان پک گئے ہیں۔ ’’اشاعتِ خصوصی‘‘ میں رابعہ فاطمہ کے تحریر کردہ ’’تقسیمِ ہند کے آخری تیس دن‘‘ مضمون کا جواب نہ تھا۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس کا محمّد اظہارالحق پر لکھا خاکہ بھی پڑھ لیا اور ہمیشہ کی طرح بہت ہی اچھا لگا۔
’’ڈائجسٹ‘‘ میں ضیاءالحسن کی ’’صُبحِ امید‘‘ اور عشاء خان کی ’’پاکستان زندہ باد‘‘ نگارشات بھی خُوب تھیں۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں شری مُرلی چند گوپی چند نے گلہ کیا کہ اُن کی ساری تحریریں ناقابلِ اشاعت کی فہرست میں ڈال دی جاتی ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ اُن پر تھوڑا ہولا ہاتھ رکھ لیں۔ اگلے جریدے کے ’’حالات و واقعات‘‘ میں منور مرزا کا تجزیہ حسبِ روایت بےحد مدلّل، اعلیٰ اور غیرجانب دارانہ تھا۔ ویسے تو زیادہ تر مضامین ایک ایک صفحے ہی پر مشتمل ہوتے ہیں، مگر ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ کو اس بار دو صفحات مل گئے، کیوں؟
’’ڈائجسٹ‘‘ میں ڈاکٹر عزیزہ انجم ’’گوری‘‘ کے ساتھ اور نائلہ شہناز ’’حقوقِ نسواں‘‘ کے ساتھ آئیں۔ شگفتہ نعیم کی ’’اچھی باتیں‘‘ بھی اچھی لگیں۔ پرنس افضل شاہین بھی ’’اَن مول موتی‘‘ لیے آئے، جب کہ ظفرمحمد خان ظفر’’نغمۂ پاکستان‘‘ کے ساتھ موجود تھے۔ مجموعی طور پر’’ڈائجسٹ‘‘ کا صفحہ خاصے رنگا رنگ، متنوّع مواد سے لب ریز ہوتا ہے، پڑھ کر لطف آجاتا ہے۔ (رونق افروز برقی، دستگیر کالونی، کراچی)
ج: ’’سنڈے میگزین‘‘ کے صفحات کی تعداد محدود ہونے کے باوجود ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ جونگارش اپنے موضوع کے اعتبار سے اہمیت کی حامل، معلومات، شعور و آگہی کی فراہمی کے ضمن میں کارآمد ہو، اُسے دو صفحات بھی دے دیے جائیں، تو کوئی مضائقہ نہیں اور شری مُرلی پر ہاتھ ہولا ہی رکھا ہوا ہے، تب ہی تقریباً ہر دوسرے جریدے میں اُن کا خط شامل ہو جاتا ہے۔ لیکن دیگر صفحات کے لیے، کسی بھی تحریر کو قابلِ اشاعت بنانے کی کوشش تب ہی کی جاتی ہے، جب اُس میں تھوڑی بہت جان ہو، اب یک سر بے سروپا مضامین کو ہم نئے سرے سے تو لکھنے سے رہے۔
اقلیتی کوٹے سے مستفید
منور مرزا کا مضمون حسبِ روایت بہترین تجزیے پر مشتمل تھا۔ رابعہ فاطمہ ’’تقسیمِ ہند کےآخری30 دن‘‘ کے احوال کے موضوع پر ایک منفرد نگارش کے ساتھ آئیں۔ ثانیہ انور’’انسانی اعضاء کے عطیے‘‘ کے عنوان سے محوِ گفتگو تھیں، تو رحمان فارس اظہار الحق سے شاعرانہ گفتگو میں مصروف۔ ’’سینٹر اسپریڈ‘‘ بہت دل آویز لگا۔ ’’محبت، فنائے ذات کا سفر‘‘، اسد اشرف ملک نے ایک انتہائی اُجلی تحریر، عمیق موضوع پر لکھ کر حیران کردیا۔
کئی باتیں توہماری عقل و فہم سے بھی بالاتر تھیں۔ پروفیسر سیّد منصور کو آپ نے ’’نیک رُوح ‘‘ کا خطاب دیا، جو بہت بھلا لگا۔ شری مُرلی چند تو لگتا ہے اقلیتی کوٹے سے مستفید ہورہے ہیں۔ سیّد زاہد علی، شہزادہ بشیر اور نواب زادہ کے خطوط پسند آئے۔ (شمائلہ نیاز، دائرہ دین پناہ، تحصیل کوٹ ادّو، ضلع مظفّرگڑھ)
ج: اقلیتی کوٹا … ایسے خیالات بھی پتا نہیں آپ لوگوں کے اذہان میں کہاں سے آجاتے ہیں۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘میں تو ہر ایرا غیرا، نتھو خیرا جگہ پائے ہوئے ہے۔ کیا اکثریتی اور کیا اقلیتی، جس کی تحریر سر کے کئی فٹ اوپر سے گزر جاتی ہے، اُسے بھی کسی طور قابلِ اشاعت بناہی دیا جاتا ہے۔ (سمجھ تو آپ گئی ہی ہوں گی)۔
قلم اُٹھانے پر مجبور
مَیں عموماً سال میں ایک بار ہی ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں حاضر ہوتی ہوں۔ ارسلان اللہ خان کے مضمون نے، جو کہ باپ کی پندو نصائح کے حوالےسے تھا، بےاختیار قلم اُٹھانے پر مجبور کردیا۔ مضمون نگار کو اتنے خوب صُورت موضوع پر قلم اُٹھانے پر شاباش۔ ایسی تحاریر یقیناً صدقۂ جاریہ کے زمرے میں آتی ہیں اےکاش!ہم اپنے اکابر کے اقوال کی قدرکریں کہ ہماری زندگیاں اپنے اصل سے یکسر ہٹ چُکی ہیں۔
مَیں تو ایسی تمام تحاریر خوب سینت سنبھال کے رکھ لیتی ہوں، کسی قیمتی متاع کی طرح۔ اور پھر جب بھاگتی دوڑتی زندگی سے فرصت کے چند لمحے میسّر آتے ہیں تو ان قیمتی نگینوں کی چمک دمک سے ذہن و عقل خیرہ کرتی ہوں۔
حضرت لقمان کی بیٹے کو نصیحتیں، حضرت شیخ سعدیؒ کا قصّہ، حضرت امام غزالی کی نصیحتیں… سب اَن مول ہیں اورحضرت علّامہ اقبالؒ کا قصّہ پڑھتے تو آنکھیں نم ہوگئیں اور خصوصاً اُن کی والدہ کا قصّہ۔ تہہ دل سے دُعا ہے کہ روزِ قیامت اللہ پاک ہمارا نامۂ اعمال کھولے بغیر، پردے کے پیچھے سے ہمارے دائیں ہاتھ تھمادے، وگرنہ تو نجات کی کوئی صُورت نہیں۔ (مصباح طیّب، این ایس ٹی بلاک، سرگودھا)
فی امان اللہ
زیست کے ہنگامہ خیز ایام میں جنگ، ’’سنڈے میگزین‘‘ راحت و مسرت کا پیام بر،احبابِ علم و دانش کے لیے کسی نعمتِ غیرمترقبہ سے کم نہیں، مستند، متنوّع اور جامع معلومات کے حسین امتزاج کے سبب اِسے ہم عصر رسائل میں ممتاز ومنفرد مقام حاصل ہے۔ زیرِ تبصرہ جریدے کا سرِورق خُوب تر ہے۔ ’’جمال کا دل نشین تصور… خیال کی دل پذیر راہیں‘‘ کی معنویت نے دیر تک دل و دماغ سرشار کیے رکھا۔
ایران، امریکا کےحالیہ بنتے بگڑتے تعلقات پر منیر احمد خلیلی کا مضمون مدلل اور احسن انداز میں پیش کیا گیا کہ زمانۂ قدیم سے تاحال ایران کی مکمل تصویر کشی موجود تھی، خصوصاً ایرانیوں کی نفسیات اورمزاج کا بےلاگ تجزیہ لاجواب رہا۔ رابعہ فاطمہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معیشت اورمون سون کے باہمی ربط پر سیرحاصل تحریر پیش کی۔ جنگلات کی کمی، بےہنگم شہری پھیلاؤ اورناقص منصوبہ بندی واقعی ہمارے ازلی، ابدی مسائل ہیں، جن کا سلجھاؤ تاحدِ امکان نظربھی نہیں آتا۔
صحت مندزندگی کےضمن میں ڈاکٹر سکندر اقبال کے مشورے، تجاویز نہایت عُمدہ، قابلِ عمل تھیں۔ حقیقتاً طبِ نبویؐ پر عمل پیرا ہو کر ہم مہلک بیماریوں، وباؤں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ پاک، بھارت تعلقات پر منور مرزا کا آرٹیکل شان دار و جان دار رہا۔ سفارت اور سیاست میں نمایاں مقام کی حامل 117 شخصیات کی سفارشات پر عمل درآمد ہی فلاح و بقا کا ضامن ہے۔ ڈاکٹر نازش فاطمہ نے موٹاپے کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرکے مضمون کاحق ادا کردیا۔
پروفیسر ڈاکٹرمحمّد صادق اینڈوسونوگرافی کاتعارف عام فہم اندازمیں کروا رہے تھے۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس کا اچھوتا، نرالا،خُوب صُورت اندازِ تحریر بہت لُطف دیتا ہے۔ ازحد شکریہ کہ قارئین کے لیے بہترین خاکہ نگاری کررہے ہیں۔ شان دارقوتِ مشاہدہ کے ساتھ شخصی معلومات اِس احسن انداز میں تحریر کے قالب میں ڈھالنا یقیناً جان جوکھوں کا کام ہے۔
شائستہ اظہر صدیقی کا رواں دواں قلم بھی اب تھمنے کا نام نہیں لیتا اور ہر تحریر، گزشتہ سے کئی گنا بہتر، معیاری معلوم ہوتی ہے۔ نیز، موقعے کی مناسبت سے اشعار کاچناؤ بھی معیاری ہوتا ہے۔
اگر’’سنڈے میگزین‘‘کی تحریروں کی درجہ بندی کی جائے تو رحمان فارس ہیرو نمبر ون اور شائستہ ٹاپ ٹین میں ہیں۔ زینت منظور کے آرٹیکل ’’عمل سے عاری نظری تعلیم‘‘ سے بھی سو فی صد متفق ہوں کہ بدقسمتی سے وطنِ عزیز کے اکثر تعلیمی اداروں میں معلومات تک رسائی پر توکسی قدر زور دیا جاتا ہے، لیکن تربیت اور عملی کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ ’’اِک رشتہ، اِک کہانی‘‘ میں ایک وفاشعار بیٹی کا عظیم والد کو زبردست انداز میں پیش کیا گیا خراجِ عقیدت بہت اچھا لگا۔
طارق بلوچ صحرائی کا افسانہ ’’چھتری‘‘ بھی اپنی مثال آپ تھا۔ حریم شہزاد نے اولاد کی تربیت سےمتعلق اہم نکات کی نشان دہی کی، شخصیت کی تعمیر میں ماحول کا کردار واقعتاً اہم ہوتا ہے، اے کاش! کوئی اصلاح کی صُورت نکل آئے۔اور ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی بدولت تو تمام قارئین اورآپ کی ٹیم ایک ہی خاندان کے افراد معلوم ہوتے ہیں۔
مضامین کا بہترین تجزیہ، نادرتجاویز، چٹ پٹے استفسارات اور آپ کے مدلل جوابات اس صفحے کی جاذبیت و رعنائی میں اضافے کا باعث ہیں۔ اگر چند ہفتے کسی قاری کا خط نظرنہ آئے تو دیگر قارئین اس کی غیرحاضری اتنی محسوس کرتے ہیں، جیسے معاملہ مِسنگ پرسن کا ہو۔ رانا محمّد شاہد اور شہزادہ بشیر محمد نقش بندی کا کانٹےدارمقابلہ پُرلطف ہے، لیکن اگر راجا صاحب کی اینٹری ہوگئی تو… اور اپنا تو ایک ہی نعرہ ہے۔ ’’پاکستان زندہ باد، سنڈے میگزین پائندہ باد‘‘۔ (ظہیرالدین، بستی عثمان والی، بہاول نگر)
ج: راجوں، مہاراجوں کی آمد لازم نہیں،’’شاہد، بشیر کا گٹھ جوڑ‘‘ آپ کی اینٹری سے بھی ٹوٹ سکتا ہے۔
* بقرعید کے ٹائٹل، سینٹر اسپریڈ والی باجیاں پیاری تھیں۔ پہلی دفعہ عید پہ آپ کو کوئی پیاری ماڈلز ملیں۔ ڈریسز کے کلرز، اسٹائلز بھی اچھے لگے۔ پھر یکم اور7 جون کے ایڈیشنز کی ماڈلز بھی پیاری لگیں۔ لیکن آپ نے انھیں بٹھا کہاں دیا، مَری میں …؟؟ اور یہ اپنی قرات باجی تو امریکا کے موسموں کے بعد غائب ہی ہوگئیں۔ ان سے کہیں کچھ اور بھی لکھیں، اچھا تو لکھتی ہیں۔ (آمنہ، لاہور)
ج: اب تم نے قرات کو اچھا لکھنے کی سند دے دی ہے، تو شاید وہ کچھ اور لکھ کے بھیج ہی دے اور یہ ماڈلز کو ہم کہیں نہیں بٹھاتے۔ یہ ساری کارستانی ہمارے فیشن فوٹوگرافر یا پیج میکر کی ہوتی ہے۔
* مَیں نے نیا نیا لکھنا شروع ’’کرا‘‘ ہے۔ زیادہ تر بچّوں کے لیے لکھتا ہوں، ویسے آپ کے اخبار سے میرا پرانا تعلق ہے، اس لیے شدید خواہش ہے کہ کسی بھی طرح آپ کے میگزین سے وابستہ ہوجاؤں، آپ اس کا طریقۂ کار بتادیں۔ (عماد الدین مزاری)
ج: سوری۔ آپ کی اِس شدید خواہش کی تکمیل کم ازکم ہمارے اختیار میں تو نہیں۔ ویسے تو چشمِ بد دُور، آپ کی پوری ای میل ہی ایک شاہ کار تھی، اِملا کی ایسی ایسی غلطیاں، جو کے۔ جی، نرسری کے بچّے بھی نہ کرتے ہوں۔ مگر یہ جو آپ نے لفظ ’’کیا‘‘ کو ایک سے زائد بار’’کرا‘‘ لکھا، اس نے تو طبیعت ایسی مکدر کی ’’کہ جی جانتا ہے…‘‘ یقین کریں، ہم تو روزمرّہ گفتگو میں بھی کسی کو ’’کیا‘‘ کے بجائے’’کرا‘‘ کہتے سُن لیں ناں، تو مزید گفتگو ہی ترک کر دیتے ہیں۔
* آپ کا بہت شکریہ، آپ نے میری، ماؤں کے عالمی دن کے مناسبت سے لکھی تحریر شائع کی۔ میگزین بہت اچھا ہے، مگر ’’پیارا گھر‘‘ میں کھانے کی تراکیب کیوں شائع نہیں ہو رہی ہیں، بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔ ایک تجویز بھی ہے ، ممکن ہے تو شعر و شاعری کا مقابلہ شروع کریں۔ (ثناء توفیق خان، ماڈل کالونی، ملیر، کراچی)
ج: آپ کی اس شاہ کار تجویز پر ہماری طرف سے آپ کے لیے جُڑے ہاتھوں والا ایموجی۔
قارئینِ کرام کے نام !
ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔
نرجس ملک
ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘
روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی
sundaymagazine@janggroup.com.pk