پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ بابر اعظم کی ون ڈے ٹیم میں جگہ خطرے میں ہے اور ٹیم مینجمنٹ فارمیٹ میں ان کے مستقبل پر غور کر رہی ہے۔
شعیب اختر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ بابر اعظم کو ون ڈے ٹیم میں منتخب کریں گے؟
انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ بابر اعظم کو ٹیم سے باہر کرنے کے امکان پر غور کر رہی ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں بابر اعظم کے حوالے سے کوئی سنسنی یا تنازع پیدا نہیں کرنا چاہتا، بابر کو کھیلنا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں سے ثابت کرنا چاہیے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے لیے موزوں کھلاڑی ہیں۔
شعیب اختر نے ون ڈے کرکٹ میں عاقب جاوید کو درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور کہا ہے کہ 50 اوورز تک بیٹنگ اور بولنگ کے تقاضے پورے کرنا ایک بڑا مسئلہ ہو گا۔
انہوں نے اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے، تاہم امید ہے کہ اندازہ غلط ثابت ہو۔
بابر اعظم نے دسمبر 2022ء میں کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ 161 رنز بنانے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کی، ان کی آخری ون ڈے سنچری نومبر 2025ء میں راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ناٹ آؤٹ 102 رنز تھی، جو اس فارمیٹ میں ان کی 20ویں سنچری ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سہ ملکی سیریز کے لیے بابر اعظم کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
اس سے قبل سلیکٹرز نے رواں ماہ سری لنکا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے بابر اعظم کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا، ان کا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 24 فروری کو تھا۔