• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا 5 سال تک والد سلیم خان سے ناراض رہے: سلمان خان کا والدین کی شادی سے متعلق انکشاف

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنے والدین سلیم خان اور سلمیٰ خان کی شادی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

سلمان خان کے مطابق نانا والد سلیم خان سے اپنی بیٹی کی شادی پر خوش نہیں تھے، تاہم اس کی وجہ مذہبی اختلافات نہیں بلکہ کچھ خدشات تھے۔

سلمان خان نے بگ باس سیزن 18 کی ایک قسط میں بتایا ہے کہ میرے نانا اس بات پر ناراض تھے کہ ان کی بیٹی ایک ایسے خوب صورت شخص سے شادی کرنا چاہتی تھی جو اداکار بننے کا خواہش مند تھا، انہیں خدشہ تھا کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے خاندان میں ان کی بیٹی کس طرح خود کو ڈھال سکے گی۔

اداکار کے مطابق والدہ سلمیٰ خان کے بہن بھائی والد سلیم خان کو بہت پسند کرتے تھے، تاہم میرے نانا نے مسلسل 5 سال تک والد سے بات نہیں کی۔

سلمان خان نے بتایا کہ جب میرے چھوٹے بھائی سہیل خان کی پیدائش ہوئی تو  نانا مٹھائی کا ڈبہ لے کر ماہم سے باندرہ آئے، اس موقع پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میں اپنے نواسوں کو بڑا ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکا۔

سلمان خان کے مطابق نانا کو زندگی کے آخری وقت تک اس بات کا افسوس رہا کہ انہوں نے سلیم خان سے 5 سال تک بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ سلیم خان اور سلمیٰ خان کی شادی 1964ء میں ہوئی تھی، ان کے 4 بچے ہیں، جن میں سلمان خان، ارباز خان، سہیل خان اور الویرا خان شامل ہیں، بعد ازاں سلیم خان نے اداکارہ اور رقاصہ ہیلن سے بھی شادی کی، جنہیں خاندان کا حصہ بنایا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید