• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے کمرے میں کوئی تھا، جو نظر نہیں آتا تھا: سلمان خان

سلمان خان — فائل فوٹو
سلمان خان — فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اپنے بیڈروم میں کسی غیر مرئی وجود کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا۔

حال ہی میں دبنگ اداکار نے فلم ساز کرن جوہر کے پروگرام کافی ود کرن کے نویں سیزن میں بطور مہمان شرکت کی۔

دورانِ گفتگو انہوں نے اپنی جوانی کا ایک غیر معمولی واقعہ بیان کیا، جس کا تعلق ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے بیڈروم سے ہے۔

سلمان خان نے بتایا کہ میں اپنے بیڈروم کبھی اکیلا نہیں سوتا تھا، کیونکہ مجھے کسی وجود کی آہٹ سنائی دیتی تھی، میں نے اسے کبھی دیکھا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہوتا تھا کہ میرے بیڈروم میں کوئی نامعلوم چیز ہے، جب بھی میں کمرے سے باہر نکلتا تو روشنیاں جھلملا اٹھتیں، الماریاں خودبخود کھل جاتیں اور میوزک سسٹم بھی اپنے آپ چلنے لگتا تھا۔

اداکار نے کہا کہ جب میں غسل خانے میں ہوتا تو مجھے باہر کسی کی موجودگی محسوس ہوتی، جیسے کوئی الماریوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہا ہو۔

ان واقعات کی وضاحت کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ انہی باتوں سے مجھے اندازہ ہوا کہ وہاں کوئی نہ کوئی موجود تھا، چاہے وہ کوئی شخص تھا یا کوئی اور وجود۔

جب کرن جوہر نے پوچھا کہ کیا وہ اس کمرے کو آسیب زدہ سمجھتے تھے تو سلمان خان نے وضاحت کی کہ میں اس تجربے کو لازماً آسیب یا بھوت پریت سے تعبیر نہیں کرتا، البتہ مجھے کسی غیر مرئی موجودگی کا احساس ضرور ہوتا تھا۔

ان غیر معمولی واقعات کا ذکر کرنے کے باوجود سلمان خان نے کہا کہ میں اس کے باوجود کبھی خوف زدہ نہیں ہوا، کیونکہ اس وجود نے کبھی مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید