• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک معافی نہیں مانگتے، نہیں چھوڑیں گے، سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی پھر دھمکی

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی کے علاقے جوہو میں اتوار کو فائرنگ کے واقعے کے ایک روز بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ایک ساتھی نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک وہ معافی نہیں مانگیں گے، گینگ انہیں نہیں چھوڑے گا۔

واضح رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے معاملے پر سلمان خان سے کھلے عام دشمنی کا اظہار کر رکھا ہے اور ٹائیگر شروف پر حملے کی ذمہ داری بھی اسی گینگ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کو موصول ہونے والی ایک آڈیو کلپ میں بشنوئی کے ساتھی انیل پنڈت نے کہا سلمان خان کی بات کریں تو جب تک وہ معافی نہیں مانگتے، ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔ ہم انہیں سکون سے زندگی نہیں گزارنے دیں گے۔ انتظامیہ ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیوں نہیں کرتی؟ اگر وہ ایسا کر لیتے ہیں تو ہمیں ان سے کوئی دشمنی نہیں ہوگی، بصورت دیگر ہم ان سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کو نقصان پہنچائیں گے۔ 

انیل پنڈت نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا بھی ذکر کیا، جو 14 جون 2020 کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے۔

انیل پنڈت نے کہا میں انتظامیہ سے ایک سوال کرنا چاہتا ہوں۔ جب بالی ووڈ کے ان لوگوں نے سوشانت سنگھ راجپوت کو مارا تھا تو یہ انتظامیہ کہاں تھی؟ اس کے بعد کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جب میرے بڑے بھائی لارنس بشنوئی نے ان کے خلاف کارروائی کی تو انتظامیہ میرے بھائی کے خلاف بولنے لگی۔

فلم باغی سیریز میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ٹائیگر شیروف کو ممبئی کے علاقے جوہو میں فٹ بال کلب سے نکلتے وقت ان کی گاڑی پر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔ 

واقعے میں ان کا ڈرائیور اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے، کار کے ٹوٹے ہوئے شیشے لگنے سے اداکار کے دائیں بازو، کندھے اور سینے پر بھی چوٹیں آئیں۔

پیر کو اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس اور راجستھان پولیس نے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو  راجستھان کے کوٹا ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین سے گرفتار کیا، جن میں دو کم عمر بھی شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد تینوں فرار ہوگئے تھے۔ اب انھیں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے حوالے کیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید