کراچی (بابر علی اعوان)کراچی میں 22 ماہ بعد پولیو کا کیس رپورٹ، چھ ماہ کا بچہ متاثر،رواں سال ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 7 ہوگئی، کراچی بلاک کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی تشویش ناک۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا ہے، جہاں ضلع شرقی کی یونین کونسل جمالی کالونی کے چھ ماہ کے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسدادِ پولیو نے پیر کو پاکستان میں رواں سال کے ساتویں پولیو کیس کی تصدیق کی۔ کراچی میں اس سے قبل دسمبر 2024 میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا تھا، یوں تقریباً 22 ماہ بعد شہر میں دوبارہ کیس سامنے آیا ہے۔ نئے کیس کے بعد سندھ میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد دو جبکہ ملک بھر میں سات ہوگئی ہے، جن میں پانچ کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔