• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: مکئی کے کھیت سے ملی 11 فٹ لمبی پراسرار چیز کیا ہے؟

---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک مکئی کے کھیت سے ملنے والی پراسرار دھاتی چیز نے کئی سوالات کھڑے کر دیے۔ 

ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دھاتی شے گزشتہ ماہ خلاء میں بھیجے گئے چینی راکٹ کا حصہ ہو سکتی ہے۔

تقریباً 11 فٹ کی یہ دھاتی شے اسکاٹ ٹاؤن شپ میں مکئی کی فصل کاٹنے والے ایک کسان کو ملی، جس کے بعد مقامی اور وفاقی حکام نے تحقیقات شروع کر دیں۔

اسٹیونز کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق 14 اکتوبر کو غیر معمولی ملبے کی اطلاع ملنے پر اہلکاروں کو کھیت میں طلب کیا گیا۔

خلائی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ملبہ چینی کمپنی لینڈ اسپیس کے راکٹ ’ژوچوئے 2 ای‘ کا حصہ ہو سکتا ہے، جسے 15 ستمبر کو صحرائے گوبی سے خلاء میں روانہ کیا گیا تھا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ آرس ٹیکنیکا کے مطابق راکٹ نے مواصلاتی نظام کے 10 سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچایا، اسی رات ریکارڈ کی گئی ویڈیوز میں آسمان پر جلتا ہوا ملبہ تیزی سے گزرتا دکھائی دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چینی راکٹ کے بالائی حصے کا قطر بھی تقریباً 11 فٹ بتایا گیا ہے، جو مینیسوٹا میں ملنے والی دھاتی چیز کے قطر کے برابر ہے، تاہم حکام نے تاحال دونوں کے درمیان تعلق کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

اسٹیونز کاؤنٹی کے شیرف جیسن ڈنگمین کے مطابق حکام اب بھی یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ چیز دراصل کیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ملبے کو کھیت سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ حکام کے مطابق اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔

اس دریافت نے خلائی ملبے سے ہونے والے ممکنہ نقصان کی قانونی ذمے داری سے متعلق سوال بھی اٹھا دیا ہے۔

1972ء کے خلائی ذمے داری کنونشن کے تحت کسی ملک کو اس کے خلائی اجسام سے زمین کی سطح پر ہونے والے نقصان کا ذمے دار ٹھہرایا جا سکتا ہے۔

اگر تحقیقات سے ثابت ہو جاتا ہے کہ یہ ملبہ چینی راکٹ کا حصہ تھا اور اس سے کسی کی املاک کو نقصان پہنچا ہے، تو چین پر اس کی ذمے داری عائد ہو سکتی ہے۔

چینی کمپنی لینڈ اسپیس نے تاحال مینیسوٹا میں ملنے والے مبینہ راکٹ کے اس دھاتی حصے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید