سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کیا تھا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ میری اور اسد قیصر کی مشترکہ ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ملاقات انتخابات کے بعد علی امین کی نامزدگی سے پہلے ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسد قیصر نے ملاقات میں اپنے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کیا تھا۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کے سامنے بھی بانی نے عاقب اللّٰہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی حامی نہیں بھری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی نے عاقب اللّٰہ کو اسپیکر بنانے کے احکامات دیے اور بعد میں بانی پی ٹی آئی نے فیصلہ تبدیل کیا اور بابر سلیم سواتی کو اسپیکر بنایا۔