راجن پور میں انڈس ہائی وے بنگلہ ہدایت کے قریب کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی مسافر بس زیرِ تعمیر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ 9 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 31 زخمی ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے 19 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ 12 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
حادثے میں خواتین اور بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کے بہترین علاج کا حکم دے دیا۔
مریم نواز نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے حادثے کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔