بھارتی اداکار رام کپور نے 18 ماہ میں 55 کلو وزن کم کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزن کم کرنے والی ادویات ورزش کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔
رام کپور نے 2024ء میں اپنے وزن میں نمایاں کمی کر کے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا تھا۔
اداکار نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے وزن کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ادویات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ جو لوگ دوائیں استعمال کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے ایسا کر سکتے ہیں، تاہم انہیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ دوا استعمال کرنے سے ورزش کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صرف دوا کے ذریعے وزن کم کرنے سے پٹھوں کی مقدار بھی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے ورزش کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
رام کپور کا کہنا ہے کہ ورزش کا کوئی متبادل یا مختصر راستہ نہیں، وزن کم کرنے کے لیے ادویات استعمال کرنے کے باوجود جسمانی سرگرمی ضروری ہے۔
انہوں نے ان لوگوں پر بھی تنقید کی جو سمجھتے ہیں کہ انہوں نے ورزش کے بغیر وزن کم کیا۔
اداکار نے بتایا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ میں کام کے دوران میرا معمول انتہائی مصروف تھا اور میں مسلسل کئی دن شوٹنگ کرتا تھا، اس دوران مجھے شوگر اور ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد طبی مسائل کا سامنا تھا۔
رام کپور کے مطابق ڈاکٹر نے مجھے خبردار کیا تھا کہ اگر میں نے اپنا طرزِ زندگی نہ بدلا تو زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور فالج بھی ہو سکتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ ایک وقت میرا وزن 140 کلو گرام تک پہنچ گیا تھا اور میں صرف 20 قدم چلنے کے بعد ہی ہانپنے لگتا تھا، پھر میں نے ورزش شروع کی اور 2 مرتبہ 30، 30 کلو گرام وزن کم کیا، تاہم اس وقت اپنائے گئے طریقے طویل مدت کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہوئے۔
رام کپور نے بتایا کہ میں پہلے دن میں 3 مرتبہ انسولین لیتا تھا، لیکن وزن کم کرنے کے بعد اب خود کو اپنی زندگی کے بہترین فٹنس لیول پر محسوس کرتا ہوں۔