پاک جاپان آٹو ٹریڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے آٹو پالیسی کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور آٹو صنعت کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی سے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ آٹو پارٹس کی مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ ملنے سے ہزاروں افراد کو روزگار میسر آئے گا، مقامی صنعت مضبوط ہوگی اور پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوسکے گا۔
کامران خان نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی سے ان گاڑیوں کا استعمال بڑھنے کی توقع ہے۔ اس سے پیٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنے، درآمدی ایندھن کے اخراجات گھٹانے اور زرمبادلہ کی بچت میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی کا مؤثر نفاذ آٹو شعبے سے وابستہ تاجروں، صنعت کاروں اور صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
کامران خان نے اس پیش رفت پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے پاکستان میں صنعتی سرگرمیوں، روزگار اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔