• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا، اسکولوں کیلئے ٹیبلٹ، کمپیوٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیاں

خیبر پختونخوا کے اسکولوں کےلیے خریدے گئے ٹیبلٹ اور کمپیوٹرز سے متعلق تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بنادی گئی۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق صوبے کے اسکولوں کےلیے ٹیبلٹ اور کمپیوٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کےلیے 3 رکنی انکوائری کمپنی قائم کی گئی ہے، ڈپٹی سیکریٹری ایڈمن ایجوکیشن نسیم خان اس کے سربراہ ہوں گے۔

اعلامیہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق انکوائری کمیٹی میں سیکشن آفیسر آڈٹ مشتاق احمد شامل ہیں جبکہ ایک رکن انکوائری کمیٹی خود نامزد کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق 35 کروڑ 90 لاکھ 21 ہزار روپے کے ٹیبلٹس اور پی سیز کی خریداری کی تحقیقات ہوں گی،1 کروڑ 54 لاکھ 45 ہزار روپے کی خریداری سے متعلق آڈٹ بھی انکوائری میں شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیٹی خریداری کے مقصد، جواز اور آلات کے استعمال کا جائزہ لے گی، ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے ذمہ دار افسران، اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے گی، خریدے گئے ٹیبلٹس، پی سیز کے اسٹاک رجسٹرز کی جانچ، فزیکل تصدیق کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق خریداری، آلات استعمال نہ ہونے سے سرکاری خزانے کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا، انکوائری کمیٹی 3 روز میں سفارشات پر مشتمل رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید