پاکستان اور مالدیپ نے دو طرفہ تجارت کا حجم آئندہ 2 سال میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے اس ٹارگٹ کے حصول کے لیے معمول سے بڑھ کر محنت کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے کراچی سے مالدیپ کے لیے براہ راست پرواز شروع کرنے کے حوالے سے وزارتِ ہوا بازی کو فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
اسلام آباد میں پاکستان مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو پاکستان کے مخلص دوست ہیں، ان کا دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کاروباری وفد مالدیپ بھیجا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور بحری رابطوں کو بہتر بنا کر موجودہ مواقع کو ٹھوس عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا، فضائی رابطوں کا قیام ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی کمپنیوں کو مالدیپ میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال 20 لاکھ افراد مالدیپ آتے ہیں، دونوں ممالک ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔