لاہور میں موٹر سائیکل سوار نوجوان نے موٹر سائیکل سوار لڑکی کا راستہ روک کر اُسے سرِ بازار تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
لڑکے نے لڑکی کو زمین پر پٹخا اور تھپڑ بھی مارے، واقعہ مزنگ کے علاقے میں سہہ پہر کے وقت پیش آیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار شخص نے موٹر سائیکل سوار لڑکی کو اوور ٹیک کر کے روکا اور اترتے ہی لڑکی کو دبوچ کر زمین پر پٹخ دیا، لڑکی کو تھپڑ مارے اور بال نوچے۔
اس موقع پر لوگوں نے لڑکی کو بچایا تو نامعلوم شخص اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا، لوگوں نے ملزم کی موٹر سائیکل تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کر دی۔
بعد ازاں پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر پٹخا جس میں موجود 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ بھی ٹوٹ گیا جبکہ تشدد سے لڑکی کی ناک کی ہڈی اور چہرے پر زخم آئے۔
پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث ملزم غلام مصطفیٰ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اوور ٹیک کے تنازع پر اسکوٹی سوار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق تشدد کے بعد موٹر سائیکل سوار کو علم ہوا کہ اسکوٹی سوار لڑکی ہے۔