• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، انہیں بھرپور ضرب لگائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے انہیں بھرپور ضرب لگائیں گے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کور ہیڈکوارٹرز پشاور آئے جہاں انہیں خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل کو صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے، پاکستان کے عوام، شہداء اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔

قومی خبریں سے مزید