وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کی جانب سے صارفین کو ڈٹیکشن کی مد میں اضافی بل بھیجنے کا نوٹس لے لیا۔
ڈسکوز کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس میں اویس لغاری نے کہا کہ آئندہ کسی بھی صارف کو غلط ڈٹیکشن بل نہیں ڈالا جائے گا، ڈٹیکشن بلنگ سے متعلق سخت اور جامع اصلاحاتی فریم ورک نافذ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری روک تھام ترجیح ہے لیکن بےگناہ شہریوں پر من مانا بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ڈٹیکشن بلنگ کا نظام ڈیجیٹائز کردیا، اس مقصد کےلیےخصوصی پورٹل تیار کیاجا چکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق تمام ڈسکوز میں ڈٹیکشن بلنگ صرف پی آئی ٹی سی کے مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے لازمی قرار دے دی گئی، فیلڈ عملے اور ایس ڈی اوز کے دستی اور من مانے ڈٹیکشن بل جاری کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، مینوئل طریقے سے ڈی ٹیکشن بل جاری کرنا سنگین مس کنڈکٹ تصور ہوگا۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ دستی بل جاری کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، خراب میٹرز کی صورت میں اوسط بلنگ کا بوجھ صرف دو ماہ تک محدود رکھا جائے گا، حکومت کا مقصد بجلی کے شعبے کو صارف دوست بنانا اور ہر سطح پر مکمل جوابدہی لانا ہے۔