کراچی (سید محمد عسکری) سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات اور عوامی شکایات کے بعد حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کنٹرولر ٹاپ سیکریٹ برانچ اعجاز علی کاکا کو معطل کردیا ہے، جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کی منظوری کے بعد سیکریٹری جامعات عباس بلوچ نے کمیٹی کی تشکیل اور افسر کی معطلی کا حکم نامہ جاری کیا۔ صوبائی وزیر کے ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر اربیلہ بھٹو کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری امیر فضل اویسی اور ڈاکٹر نصراللہ پیرزادہ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔کمیٹی پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لے گی۔