• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، واپڈا 41 میڈلز کے ساتھ آگے

کراچی میں جاری 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 3 روز کے مقابلوں کے بعد واپڈا نے 19 گولڈ سمیت مجموعی طور پر 41 میڈلز کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔

ایونٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن دوسرے اور پاکستان نیوی تیسرے نمبر پر ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں جاری چیمپئن شپ میں تین روز کے نتائج کے مطابق واپڈا کے ایتھلیٹس نے 19 گولڈ، 11 سلور اور 11 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن 6 گولڈ، 11 سلور اور 9 برانز سمیت 26 میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان نیوی 6 گولڈ، 3 سلور اور 3 برانز سمیت 12 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

سندھ نے ایک گولڈ، 2 سلور اور 2 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں جبکہ پنجاب کے حصے میں 4 سلور اور 3 برانز میڈلز آئے ہیں۔

خیبر پختونخوا نے ایک سلور اور ایک برانز، پولیس نے 2 برانز جبکہ پاکستان ایئر فورس نے 1 برانز میڈل جیتا ہے۔

چیمپئن شپ کے تیسرے روز واپڈا، ایچ ای سی اور پاکستان نیوی کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا اور تینوں ٹیموں نے 4، 4 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

تیسرے روز مینز میراتھون میں پاکستان نیوی کے شاہ زیب مسیح نے 2 گھنٹے 48 منٹ اور 48 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے گولڈ میڈل جیتا، سندھ کے رئیس خمار نے سلور جبکہ پولیس کے احمد نے برانز میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نیوی کی امت الرحمٰن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، انہوں نے خواتین کے ہیپٹاتھلون میں 3608 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹرپل جمپ میں 11 اعشاریہ 77 میٹر کی جمپ لگا کر ایک اور گولڈ میڈل جیتا۔

واپڈا کے حضرت عمر نے مینز 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں 55 اعشاریہ 06 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی 800 میٹر دوڑ میں واپڈا کی نازیہ نے 2 منٹ 25 اعشاریہ 10 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

واپڈا نے مکسڈ ریلے مقابلوں میں بھی اپنی برتری ثابت کی اور 4 ضرب 100 میٹر اور 4 ضرب 400 میٹر ریلے کے دونوں گولڈ میڈلز جیت لیے۔ دونوں مقابلوں میں ایچ ای سی نے سلور اور پاکستان نیوی نے برانز میڈلز حاصل کیے۔

ایچ ای سی کی کنزہ سرفراز نے خواتین کی 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ خدیجہ مہرین نے خواتین کے ڈسکس تھرو میں 34 اعشاریہ 76 میٹر کی تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مینز 3000 میٹر اسٹیپل چیز میں ایچ ای سی کے خبیب نے 9 منٹ 41 اعشاریہ 16 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ ڈیکاتھلون میں ایچ ای سی کے ابوبکر نے 5294 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مینز ڈسکس تھرو میں پاکستان نیوی کے عبداللّٰہ نواز نے 51 اعشاریہ 05 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، چیمپئن شپ کے ابتدائی 3 روز میں مجموعی طور پر 32 گولڈ، 32 سلور اور 32 برانز میڈلز تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید