کراچی (بابر علی اعوان) کراچی میں منکی پاکس سے ڈیڑھ ماہ کا شیر خوار بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد صوبے میں رواں سال اس مرض سے ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سندھ میں رواں سال اس کے کیسز کی مجموعی تعداد 101 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ انفیکشیس ڈیزیز اسپتال کے مطابق جاں بحق بچے کی عمر 52 روز تھی، جسے 12 اکتوبر کو علاج کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج تھا، تاہم دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ بچوں میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آنے پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے 20 اکتوبر کو کراچی کے علاقے ملیر میں واقع ایک نجی اسپتال کو سیل کردیا تھا۔ ماہرین صحت کے مطابق شیر خوار بچوں میں منکی پاکس سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے مشتبہ مریضوں کی بروقت تشخیص، طبی نگرانی اور وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد ضروری ہے۔