کراچی (بابر علی اعوان) پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے تین دہائیوں سے جاری سرکاری کوششیں تاحال مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکیں، ہر سال وائرس کے مکمل خاتمے کے دعوے کیے جاتے رہے، تاہمبچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا خواب اب بھی پورا نہیں ہوسکا۔ گزشتہ 19 برس کے دوران ملک میں پولیو کے 1470کیسز رپورٹ ہوئے، 2024میں74اور2025میں 31بچے اس وائرس کا شکار ہوئے، جبکہ رواں سال اب تک سات کیسز سامنے آچکے ہیں۔ عالمی یوم انسداد پولیو کے موقع پر سامنے آنے والے یہ اعداد و شمار اس قومی چیلنج کی سنگینی اجاگر کرتے ہیں کہ دنیا کے تقریبا تمام ممالک سے ختم ہونیوالا وائرس پاکستان میں اب بھی بچوں کے مستقبل کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2008 میں پولیو کے 118، 2009 میں 89، 2010 میں 144، 2011 میں 198، 2012 میں 58، 2013 میں 93 اور 2014 میں ریکارڈ 306 کیسز رپورٹ ہوئے۔ 2015 میں یہ تعداد کم ہوکر 54، 2016 میں 20، 2017 میں 8 اور 2018 میں 12 رہ گئی، تاہم 2019 میں کیسز کی تعداد اچانک بڑھ کر 147 ہوگئی، جبکہ 2020 میں 84 بچے اس وائرس کا شکار ہوئے۔ 2021 میں صرف ایک کیس سامنے آنے پر پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کی امید پیدا ہوئی تھی، لیکن 2022 میں 20 اور 2023 میں چھ کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد 2024 میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 74 ہوگئی۔ 2025 میں 31 کیسز سامنے آئے، تاہم کمی کے باوجود وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہ ہوسکا اور 2026 میں بھی اب تک سات بچے اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کا آغاز 1994 میں سرکاری سطح پر کیا گیا، جبکہ گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہمات 1999 سے جاری ہیں۔ اس سے قبل 1974 میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کا آغاز ہوا تھا۔ طویل عرصے سے جاری ان کوششوں کے باوجود ہر سال نئے کیسز کا سامنے آنا ویکسینیشن کے تسلسل، بچوں تک رسائی اور پولیو مہمات کی مؤثر نگرانی کی اہمیت واضح کرتا ہے۔ اس قومی مہم کی قیمت پولیو ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی اپنی جانوں سے ادا کی، جن میں 200 سے زائد افراد قاتلانہ حملوں میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔