• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یادگار سنچری، ناقدین خاموش، شاداب کی تن تنہا جنگ، انگلینڈ کے منہ سے فتح چھین لی

کراچی (عبدالماجد بھٹی) شاداب خان کی ناقابل یقین سنچری نے پاکستان کی یقینی شکست کو یادگار فتح میں بدل دیا۔ 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔ شاداب نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی، انہوں نے 13 چوکے اور 5 چھکے لگائے ۔ انہوں نے پہلی ون ڈے سنچری بنا کر ناقدین کو خاموش کردیا۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 7 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، دونوں نے آخری وکٹ پر 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ شاداب کو 97 رنز پر ریویو کے ذریعے زندگی ملی۔ پاکستان نے مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ مسلسل تیسری شکست کے بعد انگلینڈ کی امیدیں دھندلا گئیں۔ 9 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے لگاتار 2 ون ڈے میچوں میں انگلینڈ کو شکست دی۔ شاہین آفریدی کی کپتانی کے فیصلے بھی زیرِ بحث رہے، وہ اپنے مرکزی اسپنرز شاداب اور عرفات منہاس کو 10 اوورز کی تاخیر سے لائے، جبکہ پاکستانی بولرز نے آخری وکٹ پر 40 رنز بھی دے دیے۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز سے قبل 241 رنز بنائے۔ بین ڈکٹ نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سیم کرن نے 52 گیندوں پر 42 اور گس اٹکنسن نے 36 رنز بنائے۔ شاہین نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ لی۔ رضا اللہ نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔ شاہین نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن (4) اور تیسرے اوور میں جو روٹ (5) کو آؤٹ کیا، جبکہ ہیری بروک پانچویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ جواب میں پاکستان کے اوپنرز فخر زمان (10) اور صائم ایوب (6) جلد آؤٹ ہوگئے، جبکہ بابر اعظم 10 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔ سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی تیز اننگز میں 5 چوکے لگائے، مگر 74 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد حسن نواز 15، عرفات منہاس 1، سلمان علی آغا 26 اور شاہین آفریدی 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اسپورٹس سے مزید