کراچی (شکیل یامین کانگا) مصری کھلاڑی کریم الہمامے نے ٹاپ سیڈ انگلینڈ کے کرٹس ملک کو شکست دے کر وینس اوپن انٹرنیشنل اسکواش کا ٹائٹل جیت لیا۔ 82 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ میں مصری کھلاڑی چھائے رہے۔مرد اور خواتین مقابلے جیت لئے۔مردوں کے فائنل میں مصر کے کریم الہمامے نے ٹاپ سیڈ انگلینڈ کے کرٹس ملک کو اسٹریٹ گیمز میں زیر کیا ۔ خواتین فائنل میں مصر کی روان الاعرابی نے ہم وطن امینہ الریہانے کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا ۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر سعید غنی اور اعزازی مہمان ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئیر امیر نواز خان نے انعامات تقسیم کیے۔ فاتح کھلاڑی کو پانچ ہزار چار سو پندرہ ڈالر فی کس اور ٹرافی دی گئی۔ اس موقع پر سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان، صدر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن عدنان اسد بھی موجود تھے۔