• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 برس گزر گئے، آٹھوں تعلیمی بورڈز مستقل تعیناتیوں سے محروم

کراچی( سید محمد عسکری) سندھ میں 10 برس سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود صوبے کے آٹھوں تعلیمی بورڈز مستقل ناظم امتحانات، سکریٹریز اور آڈٹ افسران کے تقرر سے محروم ہیں اور ان عہدوں پر عارضی بنیادوں پر جونئر اور سفارشی افسران کے تقرر سے سندھ میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات اور ان کے نتائج پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور سندھ کے طلبہ کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے۔ سندھ کے مختلف بورڈز میں نتائج کی تبدیلی سے متعلق متعدد معاملات کی محکمہ اینٹی کرپشن تحقیق کررہا ہے جب کہ کنٹرولنگ اٹھارٹی نے نتائج کے معاملات پر میں جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنائی مگر اس کمیٹی کی سفارشات پر بھی آج تک عمل نہ ہوسکا اور بعض تعلیمی بورڈز میں تو ایک برس کے دوران تین تین کنٹرولرز تبدیل کئے گئے ہیں۔ 10 برس قبل تعلیمی بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی کی گورنر سے وزیر اعلیٰ اور پھر صوبائی وزیر کو منتقلی نے تعلیمی بورڈز کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ تعلیمی بورڈز میں بھرتیوں سے متعلق قواعد بننے کے باوجود تعلیمی بورڈز میں ان تینوں عہدوں پر مستقل تعیناتی نہیں کی جارہی ہے اور دوسرے محکموں اور بورڈز سے جونیئر افسران کی تقرریاں جاری ہیں۔ اس طرح بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی کی گورنر سے وزیر اعلیٰ سندھ منتقلی اور پھر اسکی صوبائی وزیر کو منتقلی نے صوبے کے تعلیمی بورڈز کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے جس کی وجہ سے بورڈز کی حالت خراب ہے اور پورا نظام ایڈھاک ازم کا شکار ہے، اس وقت سندھ میں 8تعلیمی بورڈز ہیں جن میں 14لاکھ طلبہ امتحانات کے لیے انرولڈ ہیں مگر سندھ کے ان 8بورڈز میں گزشتہ 10 برس سے ایک بھی مستقل ناظم امتحانات اورسیکریٹری نہیں جب کہ سندھ کے دو بڑے تعلیمی بورڈز میٹرک بورڈ کراچی اور حیدرآباد تعلیمی بورڈز مستقل چیرمین سے بھی محروم ہیں ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جب تعلیمی بورڈز کنٹرولنگ اتھارٹی گورنر سندھ کے پاس تھی تو بورڈز میں چیئرمین، کنٹرولرز اور سیکریٹریز مستقل بنیادوں پر تعینات ہوتے رہتے تھے جب کنٹرولنگ اٹھارٹی وزیر اعلیٰ کو منتقل ہوئی تو سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ایڈھاک ازم کا آغاز ہوا۔ دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ تلاش کمیٹی نےسیکریٹریز اورکنٹرولرز کے امیدواروں کے انٹرویوز کیئے لیکن کنٹرولنگ اتھارٹی نے میرٹ پر آنے والے امیدواروں کا تقرر ہی نہیں کیا اور ایڈھاک ازم کو برقرا رکھا۔

اہم خبریں سے مزید