کراچی (سید محمد عسکری /اسٹاف رپورٹر) زِندگی ٹرسٹ نے میٹا اور دربین کے اشتراک سے سندھ میں آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل خواندگی کا پروگرام ’’سمجھ بھی، سیفٹی بھی‘‘ شروع کردیا گیاہے۔ سندھ حکومت کے تعاون سے جاری اس پروگرام کے تحت والدین، نوجوانوں اور اساتذہ کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب زِندگی ٹرسٹ کے زیرِ انتظام ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کراچی میں ہوئی، جس میں سندھ حکومت کے نمائندوں، اساتذہ، والدین اور طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام کے تحت 13 سے 18 سال کے نوجوانوں اور ان کے والدین کے لئے عملی تربیتی نشستیں منعقد کی جائیں گی، جبکہ دربین اپنے اساتذہ کی تربیت کے نصاب میں بھی آن لائن تحفظ کو شامل کرے گا۔ ان نشستوں میں آن لائن دھوکا دہی، غلط معلومات، بچوں کا تحفظ اور مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے نئے سوالات جیسے موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ سندھ کے وزیرِ آئی ٹی علی رشید نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کا مقصد محض لوگوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑنا نہیں، بلکہ انہیں اس کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال کے قابل بنانا بھی ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل سندھ کی جانب پیش رفت کے لئے نوجوانوں، والدین اور اساتذہ کو ڈیجیٹل خواندگی اور آن لائن تحفظ کی مہارتیں دینا ضروری ہے۔ زِندگی ٹرسٹ کے بانی و صدر شہزاد رائے نے کہا کہ ان کا ادارہ بچوں کو عالمی سطح پر مقابلے کے لئے تیار کرنے کے اقدامات کرتا رہا ہے اور میٹا کے ساتھ یہ اشتراک بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔ دربین کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمیٰ عالم نے کہا کہ اساتذہ کو طلبہ کی رہنمائی کرنے سے پہلے خود آن لائن تحفظ کے بارے میں سیکھنا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت دربین نے اس موسمِ خزاں میں گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن، حسین آباد کے بی ایڈ سالِ اول کے ڈیجیٹل لٹریسی کورس میں آن لائن تحفظ کا باقاعدہ ماڈیول شامل کیا ہے۔ یہ ادارہ سندھ حکومت کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کے تحت کام کررہا ہے۔میٹا کے ایشیا پیسیفک میں پروڈکٹ پالیسی کے ڈائریکٹر فلپ چوا نے کہا کہ نوجوانوں کو آن لائن محفوظ رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میٹا اس مقصد کے لئے حفاظتی سہولتیں فراہم کرتا ہے، جبکہ زِندگی ٹرسٹ اور دربین کو سندھ کی کمیونٹیز میں اعتماد اور رسائی حاصل ہے۔