کراچی (سید محمد عسکری) فارمیسی کونسل آف پاکستان نے ملک کے مزید تین تعلیمی اداروں کی جانب سے مطلوبہ این او سی حاصل کیے بغیر ڈاکٹر آف فارمیسی (فارم ڈی) پروگرام کے اشتہارات جاری کرنے اور داخلوں کی تیاری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اشتہارات واپس لینے اور داخلوں سے متعلق تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت کردی ہے۔فارمیسی کونسل آف پاکستان کی جانب سے 26 اکتوبر کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن تین تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان میں کپس کالج یونیورسٹی کیمپس گوجرانوالہ، سپیریئر یونیورسٹی سرگودھا کیمپس اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تحت رفاہ انسٹیٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز گوجرانوالہ شامل ہیں۔فارمیسی کونسل کے مطابق مذکورہ تینوں اداروں نے فارم ڈی پروگرام کے لیے کونسل سے مطلوبہ عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل نہیں کیا، اس کے باوجود پروگرام سے متعلق اشتہارات اور مجوزہ داخلوں کا معاملہ سامنے آیا، جس پر کونسل نے فوری مداخلت کرتے ہوئے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فارم ڈی پروگرام سے متعلق تمام غیر مجاز یا گمراہ کن اشتہارات فوری واپس لیں اور کونسل کی باقاعدہ منظوری حاصل ہونے تک داخلوں کا کوئی عمل شروع نہ کریں۔کونسل نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ تعلیمی ادارے اپنے اشتہارات، داخلہ پراسپیکٹس، تشہیری مواد یا عوامی اعلانات میں ایسی کوئی معلومات فراہم نہیں کرسکتے جن سے طلبہ اور والدین کو یہ تاثر ملے کہ ان کے فارم ڈی پروگرام کو فارمیسی کونسل آف پاکستان کی منظوری یا تسلیم شدہ حیثیت حاصل ہے۔