• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخر زمان کی شاندار سنچری، پاکستان نے تاریخ رقم کردی، سہ ملکی سیریز فائنل میں سری لنکا کو شکست

کراچی(عبدالماجد بھٹی… اسٹاف رپورٹر) تجربہ کار فخر زمان کی فائٹنگ سنچری ، نوجوان سعد بیگ،عرفات منہاس اور حسن نواز کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کوتین وکٹ سے شکست دے کر سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست دے دی ،گرین شرٹس نےپہاڑ جیسا ہدف حاصل کر لیا ، پہلی بار ہوم گراونڈ پر کوئی ٹورنامنٹ جیتا اور18سال بعد کوئی سہ فریقی ٹورنامنٹ اپنے نام کیا،پاکستان نے 326 رنز بناکر میچ جیتا ،اس سے قبل کسی ون ڈے فائنل میں اتنے ہی اسکور پر بھارت نے انگلینڈ کو لارڈز میں شکست دی تھی، یہ مشترکہ طور پر کسی بھی فائنل کا حاصل کردہ سب سے بڑا ہدف ہے، فخر زمان کو مین آف دی میچ جبکہ عرفات منہاس کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، عرفات نے سیریز میں 149رنز بنائے اور 9وکٹیں حاصل لیں، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ وچیئرمین پی سی بی محسن نقوی ودیگر رہنمائوں نے پاکستان ٹیم کو ٹرائی نیشن سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے ، فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خوشیاں ملنا اچھی بات ہے۔ایک دو سیریز جیتنا بڑی بات نہیں ہےابھی مشکل سیریز آنا ہے انگلینڈکے خلاف سیریز ہے اور ایشیا کپ ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سہہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی ،شاہین آفریدی لاہور کے اسی گراونڈ پر لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے ٹائٹل جتواچکے ہیں، انہوں نے پاکستانی کپتان کی حیثیت سے پہلی ٹرافی جیتی،فخر زمان نے گھٹنے کی انجری کے باوجود بارہویں ون ڈے سنچری بنائی، انہوں نے99گیندوں پر127رنزچھ چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے بنائی،وہ سعید انور کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے کسی فائنل میں دو سنچریاں بنائیں،عرفات منہاس نے61 رنز 31گیندوں پرچار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ انہوں نے حسن کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 94 رنز بنائے۔حسن نواز45گیندوں پر37اور شاہین آفریدی 6 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان نے 2008 میں بنگلہ دیش میں بھارت کو ہراکر تین ملکی ٹورنامنٹ جیتا تھا۔سری لنکا نے بیس سال پہلے اسی گراونڈ پر ورلڈ کپ فائنل جیتا تھا لیکن ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

اہم خبریں سے مزید