بابر سلیم خان، سلامت پورہ، لاہور
مصورِ پاکستان، ڈاکٹر علامّہ محمّد اقبالؒ کا پیغام و کلام بے حد فصیح و بلیغ ہے، جس کی زیادہ تر بنیاد استدلال پر ہے۔ اور یہ استدلال بالخُصوص اسلامی طرزِ فکر پر مبنی ہے کہ اُنہوں نے اپنے کلام کو قرآن کی مثالوں سے بھی مزیّن کیا ہے۔ جب کہ ان کے بنیادی موضوعات خُودی، عشق اور اُمتِ مسلمہ کی بے داری ہیں۔
خلیفہ عبدالحکیم نے ’’فکرِ اقبال‘‘ میں علّامہ سے متعلق یُوں بیان کیا۔ ’’اقبال شاعر بھی ہے اور مفکّر بھی، وہ حکیم بھی ہے اور کلیم بھی، وہ خُودی کا پیام بر بھی ہے اور بےخودی کا رمز شناس بھی۔ وہ تہذیب و تمدّن کا نقّاد بھی ہے، توقیرِ آدم کا منبع بھی اور تحقیرِ انسان کا دردمند بھی۔
اُنہوں نے زیادہ تر شعر ہی کو ذریعۂ اظہار بنایا، کیوں کہ فطرت نے اُن کو اِسی حیثیت سے تلمیذالرحمٰن بنایا تھا۔‘‘ علّامہ اقبالؒ نے کُل تیرہ کتب تصنیف کیں، جن میں سےسات فارسی چاراُردو اور دو انگریزی زبان میں ہیں۔ جن کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔
علم الاقتصاد: یہ علّامہ اقبالؒ کی پہلی تصنیف شمار کی جاتی ہے، جو انہوں نے 1903ء میں تحریر کی۔ یہ سلیس اردُو نثر ہے اور اِس میں معاشی احوال پر تحقیقی پس منظر کے ساتھ تبصرہ کیا گیا ہے۔
ڈویلپمنٹ آف میٹافزکس اِن پرشیا: یہ کتاب علّامہ صاحب نے 1908ء میں لکھی۔ یہ دراصل ایک تحقیقی مقالہ ہے، جو انگریزی زبان میں تحریر کیا گیا۔ اِس میں علمی و ادبی میدانوں میں ایران کی مختلف صنعتوں کی ترویج کا ذکر ہے۔ یہ مقالہ اقبال نے اپنے مستشرق اساتذہ سے فیض یاب ہوکے لکھا تھا۔
اسرارِ خودی: یہ کتاب علامہ اقبالؒ نے 1915ء میں مکمل کی۔ اِس میں خودی کے رموز کو آسان فارسی زبان میں بیان کیا گیا ہے۔ اِسی کتاب کی اشاعت نے علامہ صاحب کے علم واستعداد کو باقاعدہ تسلیم کروایا۔
رموزِ بے خودی: علّامہ اقبالؒ نے خودی کے فلسفے کے بعد بے خودی کی کیفیات کو بھی عیاں کیا۔ اور 1917ء میں فارسی زبان میں ’’رموزِ بےخودی‘‘ کے نام سے یہ کتاب منظرِعام پر آئی۔
پیامِ مشرق: علاّمہ کی یہ تصنیف فارسی زبان میں ہے، جو 1923ء میں منظرِعام پرآئی۔ اس کتاب میں علّامہ اقبالؒ نے فلسفیانہ نُکات اور افکارِ ملّی کو اجاگر کیا۔ یہ کتاب جرمن شاعر گوئٹے کے دیوان کے جواب میں لکھی گئی اور اِسی کے ذریعے مشرق کا پیغام مغرب تک عام ہوا۔
بانگِ درا: اقبال کا یہ پہلا اُردو شعری مجموعہ، پیامِ مشرق کی اشاعت کے بعد 1924ء میں طبع ہوا۔ یہ کتاب تین ادوار پر مبنی ہے اور اِسی میں اُن کی مشہور نظمیں ’’شکوہ‘‘، ’’جواب شِکوہ‘‘۔ اور ’’خضرِ راہ‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔
زبورِ عجم: یہ اقبال کی فارسی نظموں، غزلوں کا مجموعہ ہے، جو 1927ء میں شائع ہوا۔ یہ کتاب چارحصّوں میں منقسم ہے۔ پہلے حصّے میں ترانے، دوسرے میں غزلیں، تیسرے میں فلسفیانہ افکار، جب کہ چوتھے حصّے میں فنونِ لطیفہ کا ذکر ہے۔
ری کنسٹرکشن آف ریلجیس تھاٹ اِن اِسلام: یہ کتاب دراصل علامہ اقبال کے اُن خطبات کا مجموعہ ہے، جو انہوں نے حیدرآباد دکن اور مدراس میں دئیے تھے۔ یہ خطبات اپنی نوعیت کےاعتبار سے منفرد حیثیت رکھتے ہیں کہ اِن میں اسلام اور فلسفۂ جدید کی رُو سے بہت سے مسائلِ حاضرہ پر سیرِ حاصل بحث کی گئی ہے۔ یہ خطبات انگریزی زبان میں ہیں، جو 1930ء میں شائع ہوئے۔
جاوید نامہ: علامہ اقبالؒ نے دانتے کی ڈیوائن کا میڈی (Divine Comedy) سے متاثر ہو کے یہ کتاب تحریر کی، جو 1932ء میں شائع ہوئی۔ یہ دراصل ایک طویل تمثیلاتی نظم ہے، جس میں اقبال نے آسمانوں کے سفر کا احوال بیان کرنے کی سعی کی ہے۔
بالِ جبریل: علّامہ اقبالؒ کا یہ مجموعۂ کلام اُردو زبان میں شائع ہوا۔ اسے اُن کی بہترین شاعری تسلیم کیا جاتا ہے۔ کتاب میں غزلیات، نظمیں، رباعیات سب شامل ہیں، جن میں اقبال کی فکر و فلسفہ عروج پر نظر آئے۔
ضربِ کلیم: اقبالؒ کی شہرۂ آفاق کتاب ’’ضربِ کلیم‘‘ 1936ء میں منظرِعام پرآئی۔ یہ کتاب بھی اُردو زبان میں ہے۔ اس میں علامہ صاحب نے سیاسی و سماجی حالات پر گہری تنقید کے ساتھ اصل ’’مردِ مومن‘‘ کا تصوّر پیش کیا۔
پسِ چہ باید کرد اے اقوامِ مشرق: یہ فارسی زبان میں ہے اور 1936ء میں شائع ہوئی۔ اس کی شانِ نزول یُوں بیان کی جاتی ہے کہ ایک بار علّامہ صاحب بھوپال میں تھے، تو خواب میں دیکھا کہ سرسیّد احمد خان اُن سے با آواز بلند کہہ رہے ہیں کہ ’’اے اقبال! تم اپنے مسائل جنابِ رسول مقبولؐ کے حضور کیوں نہیں پیش کرتے، اس میں تاخیر کیوں؟ تو صُبح اُٹھتے ہی علامہ صاحب نے مثنوی کا آغاز کردیا۔
ارمغانِ حجاز: ارمغانِ حجاز علّامہ اقبالؒ کی آخری تصنیف ہے، جو 1938ء میں شائع ہوئی۔ یہ کتاب فارسی رباعیات اور اُردو نظموں کا مجموعہ ہے۔ فارسی رباعیات میں علامہ صاحب نے فلسفیانہ نکات بیان کیے ہیں، جب کہ اُردو نظموں کو مختلف عنوانات کے تحت تحریر کیا گیا ہے۔ جن میں سے بطورِ خاص ایک نظم ’’ابلیس کی مجلسِ شوریٰ‘‘ قابلِ توجّہ ہے۔