انسان کی زندگی بھی ایک عجیب دوڑ کا نام ہے۔ صُبح آنکھ کُھلتے ہی وہ کسی نہ کسی فکر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ کبھی روزگار کی فکر، کبھی گھر کے مسائل، کبھی مستقبل کے منصوبے، کبھی رشتوں کی اُلجھنیں اور کبھی ایسی خواہشیں، جن کے پیچھے بھاگتے بھاگتے بعض اوقات وہ تھک کے گرجاتا ہے، مگر وہ پھر بھی تشنہ ہی رہتی ہیں۔ روزانہ دن گزرتا ہے، شام اور پھر رات ہو جاتی ہے۔ وہ تھکا ماندا بستر پرجا گرتا ہے، مگر دوڑ ہے کہ ختم ہی نہیں ہوتی اور پھر اگلی صُبح… وہی دوڑ دھوپ پھر شروع ہو جاتی ہے۔ اِس مسلسل، لگا تار ریس میں اگر کوئی چیز انسان کو کچھ دیر کے لیے روک سکتی ہے، تو وہ نماز ہے۔
نماز، صرف ایک فرض عبادت نہیں، یہ بندے اور رب کے درمیان وہ تعلق ہے، جس میں دنیا کی کوئی دیوار حائل نہیں ہوتی۔ اذان کی آواز بلند ہوتی ہے، تو بظاہر چند کلمات فضا میں بکھرتے ہیں، مگر درحقیقت وہ ایک تھکے ہوئے انسان کو دنیا کے شوروغُل سے نکال کر رب کی طرف، امن و آشتی، سکون و اطمینان کی طرف بلاتے ہیں۔ ’’حی علی الصلاۃ‘‘ آؤ، نماز کی طرف…’’حی علی الفلاح‘‘ آؤ،فلاح کی طرف… کتنی محبّت بھری دعوت ہے یہ، جیسے کوئی کہہ رہا ہو، دنیا سے تھک گئے ہو، تو چلے آؤ، یہاں تمہیں سُننے والا بھی ملے گا اور سمجھنے والا بھی۔ مگر افسوس، ہم اکثر اس پکار کو سن کے بھی اَن سُنی کر دیتے ہیں۔ بس کام دھندوں میں مصروف رہتے ہیں، وہی کام، جنہوں نے ہمیں دن رات پاگل کر رکھا ہے، انسان سے مشین بنا دیا ہے۔
کبھی ہاتھ میں موبائل ہوتا ہے، کبھی نیند کا غلبہ اور کبھی ہم اپنی مصروفیات کو نماز سے زیادہ ضروری جانتے ہیں۔ دنیا کے کاموں، دوست احباب، کولیگز سے بات چیت کے لیے گھنٹوں کا وقت نکال لیتے ہیں، مگر نماز کے لیے پکارا جاتا ہے، تو چند منٹ نکالنے محال ہوجاتے ہیں، آخر کیوں؟ کیا ہماری مصروفیات اُس ذات سے زیادہ اہم ہیں، جس نے ہمیں زندگی عطا کی؟ نہایت شرم کی بات ہے کہ ہم اپنے کسی عزیز کی کال تو نظر انداز نہیں کرتے، کسی ایسے شخص کو انتظار نہیں کرواتے، جسے ہم اہم جانتے ہیں۔ مگر جب ہمارا رب ہمیں اپنی طرف بلاتا ہے، تو ہم سوچتے ہیں۔
’’ تھوڑی دیر بعد …‘‘ یا پھر ’’کل سے…‘‘ اور یہی تھوڑی دیر بعد یا کل سے، رفتہ رفتہ ہماری عادت بن جاتی ہے۔ اے کاش! کہ ہم سمجھ سکتے کہ نماز صرف ایک عبادت نہیں، یہ تو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہم اس دنیا میں بے مقصد نہیں آئے۔ ہمارے وجود کا کوئی مقصد ہے، ہماری زندگی کا کوئی مالک ہے، ہماری ہر سانس کسی کی امانت ہے۔ یاد رکھیں، دنیا کے بہت سے کام ہمارے بغیر بھی ہو سکتے ہیں، مگر ہماری رُوح اپنے رب سے ملن کے بغیر سُکون نہیں پا سکتی۔
اور… ایک دن ایسا بھی آنا ہے، جب ہماری زندگی کی تمام تر مصروفیات ختم ہو جائیں گی۔ موبائل خاموش پڑا ہوگا، کام ادھورے رہ جائیں گے اور جن لوگوں کے لیے ہم دن رات بھاگتے رہے، وہ بھی ہمیں بھول بھال اپنی زندگیوں میں مگن ہوجائیں گے، تب ہمارے پاس نہ آج ہوگا، نہ ’’کل‘‘، بس صرف ہمارے اعمال ہی ہوں گے۔
اِس لیے آج جب اذان کی آواز آئے، تو ایک لمحے کے لیے، اپنے کام روک کر سوچیں، یہ پکار مجھے میرے رب کے قریب کرنے کے لیے ہے۔ وضو کریں، جائے نماز بچھائیں اور سر جُھکا کر اپنے رب کے سامنے کھڑے ہوجائیں۔ کیوں کہ ہم دنیا کے نہیں، اُس رب کے بندے ہیں، جس نے ہمیں اِس دنیا میں بھیجا ہے۔ اور پھر، جب تک سانس باقی ہے، اِس پکار کا جواب دیتے رہیں کہ کیا خبر، اگلی اذان سُننے کے لیے بھی ہماری سانسیں باقی ہوں گی یا نہیں۔