• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم اور آٹے کی اسمگلنگ، پنجاب کے سرحدی اضلاح کا بڑا چیلنج

گندم پاکستان کے لیے محض ایک زرعی جنس ہی نہیں، غذائی تحفّظ، معیشت اور زندگی کی بقا کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ چُوں کہ ہمارے مُلک کے کروڑوں باشندوں کی روزمرّہ کی خوراک کا انحصار گندم اور اس سے تیار ہونے والے آٹے پر ہے، لہٰذا اس کی پیداوار، خریدو فروخت، ترسیل، فراہمی اور ذخیرے جیسے معاملات ہمیشہ ہی عوامی مفاد کے لیے بنائی جانے والی حکومتی پالیسیز میں خصوصی اہمیت کے حامل رہے ہیں اور اس نظام میں معمولی سی بے ضابطگی نہ صرف سرکاری انتظامات متاثر کر سکتی ہے بلکہ مقامی منڈیوں میں گندم کی رسد، قیمتوں اور اس سے وابستہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔

صوبۂ پنجاب، جس کا شمار مُلک کے اہم زرعی مراکز میں ہوتا ہے، گندم کی پیداوار اور اس کی ترسیل کے وسیع نظام کی بدولت قومی غذائی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم، گندم اور آٹے کی نقل و حرکت کے ضمن میں تشکیل دیے گئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانا متعلقہ سرکاری اداروں کے لیے مستقلاً انتظامی چیلنج بنا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ بالخصوص صوبائی سرحدوں سے متصل اضلاع میں ان قوانین کا نفاذ مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے، جہاں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت، ان پر لَدی اجناس اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے ذریعے قانونی ترسیل اور قوانین کی خلاف ورزی کے درمیان فرق واضح کرنا ضروری ہوتا ہے۔

اس ضمن میں صوبۂ پنجاب کا ضلع، میاں والی غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبۂ پنجاب اور صوبۂ خیبر پختون خوا کے سنگم پر واقع یہ ضلع بین الصوبائی آمدورفت کے اہم راستوں میں شامل ہے اور یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی نگرانی، ان میں موجود سامان کی جانچ پڑتال اور گندم و آٹے کی نقل و حرکت سے متعلق قوانین پر عمل درآمد محکمۂ خوراک، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ ذمّے داریوں میں شامل ہے۔

اس تناظر میں میاں والی سے گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کارروائیاں نہ صرف ضلعی سطح پر اہمیت رکھتی ہیں بلکہ صوبے میں غذائی اجناس کی ترسیل کے نظام سے بھی ان کا براہِ راست اور گہرا تعلق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے ضمن میں ضلع میاں والی کا محکمۂ خوراک اور ضلعی انتظامیہ خاصی متحرک ہے۔

اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، خادم حسین فراز کی جانب سےفراہم کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ضلع میاں والی کے مختلف تھانوں کی حدود میں گزشتہ دو ماہ کے دوران گندم اور آٹے کی غیر قانونی طور پر پنجاب سے صوبۂ خیبر پختون خوا منتقلی میں ملوّث 10 گاڑیوں اور ان پر مجموعی طور لدی 735 میٹرک ٹن گندم اور 274 میٹرک ٹن آٹا سرکاری تحویل میں لیا گیا اور بعد ازاں، یہ آٹا اور گندم نیلامی کے ذریعے سرکاری نرخ پر مقامی مارکیٹ کو فراہم کردیا گیا تاکہ وہاں آٹے اور گندم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، جب کہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو سرکاری خزانے میں جمع کروادیا گیا۔

اس موقعے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، میاں والی نے ایک دِل چسپ اور اہمیت کے حامل واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دِنوں پنجاب اور خیبر پختون خوا کی سرحد پر قائم چشمہ چیک پوسٹ پر محکمۂ خوراک، پنجاب اور مقامی پولیس نے گندم سے لدے ٹرالرز کو روکا، تو چیکنگ کے دوران سرکاری اہل کاروں کو بتایا گیا کہ ٹرالرز میں سیکیوریٹی ادارے کے ایک افسر کا ذاتی سامان موجود ہے، لیکن چوں کہ محکمۂ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے ذرائع سے پہلے ہی یہ اطلاع مل چُکی تھی کہ اس بہانے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کا خدشہ ہے، چناں چہ محکمۂ خوراک کی ٹیم اور مقامی پولیس نے جب مکمل چیکنگ کی، تو اُن میں مذکورہ سامان کی بجائے گندم برآمد ہوئی۔

اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل وحمل میں ملوّث عناصر اس قدر دیدہ دلیری کا مظاہرہ کر رہے ہیں کہ اسمگلنگ کے لیے سیکیوریٹی کے اداروں کی آڑ لینے سے بھی نہیں گھبراتے، جو یقیناً ایک لمحۂ فکریہ ہے۔

ضرورت اس اَمر کی ہے کہ چشمہ کے مقام سے تحویل میں لیے گئے افراد کو عمومی تفتیش اور سزا و جزا کے عمل سے گزارنے کی بجائے ان سے جامع تفتیش کر کے، انھیں گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے استعمال کرنے والے اسمگلرز تک پہنچا جائے کہ جو اس گھناؤنے جُرم کے لیے مُلک کے سیکیوریٹی اداروں کا نام استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

دوسری جانب اس ضمن میں اگر پورے صوبۂ پنجاب کی بات کی جائے، تو پنجاب مُلک کے ان اہم صوبوں میں شامل ہے کہ جہاں زرعی پیداوار اور غذائی اجناس کی ترسیل کا وسیع نظام موجود ہے۔ واضح رہے، گندم کی خریداری، ذخیرے، پِسائی، آٹے کی تیاری اور مارکیٹ تک رسائی کے مختلف مراحل میں سرکاری محکموں، فلورملز، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر متعلقہ فریقین کا کردار اہم ہوتا ہے اور اس پورے نظام میں شفّافیت اور قانونی تقاضوں پر عمل درآمد اس لیے ضروری ہے کہ کسی بھی مرحلے پر ہونے والی خلاف ورزی سے سرکاری پالیسیز کا نفاذ اور غذائی اجناس کی منظّم ترسیل کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

یہاں یہ اَمر بھی قابلِ ذکر ہے کہ گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کا معاملہ صرف محکمۂ خوراک یا ٹرانسپورٹرز تک محدود نہیں بلکہ اس کا تعلق غذائی اجناس کی قانونی ترسیل اور عوامی مفاد سے بھی ہے۔ اس لیے مذکورہ بالا تمام مراحل کے دوران شفّافیت برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور مقامی منڈی میں گندم اور آٹے کا کاروبار کرنے والے افراد کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اِسی طرح اگر گندم یا آٹے کی نقل و حرکت کے لیے کسی مخصوص قانونی تقاضے کی پابندی لازم ہو، تو اس کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے نتیجے میں تاجروں اور فلور ملز مالکان بھی قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنائیں گے۔

قصّہ مختصر، صوبۂ پنجاب میں گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے سرحدی اضلاع میں نگرانی کا نظام مضبوط، دستاویزات کی تصدیق کے طریقۂ کار کو بہتر اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کی صُورت میں بروقت اور بِلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

سنڈے میگزین سے مزید