’’اسلامک فورم آف آسٹریلین مسلمز‘‘ (آئی فیم) کے زیرِ اہتمام چوتھا سالانہ دو روزہ کنونشن3 اور 4 اکتوبر 2026ء کو آسٹریلیا کے شہر، سڈنی کے روز ہِل گارڈنز میں ُتزک واحتشام سے منعقد ہوا۔ اس عظیم الشّان اجتماع میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بَھر سے 5 ہزار سےزائد مسلمانوں نے شرکت کی۔
یہ کنونشن محض ایک اجتماع ہی نہیں بلکہ علم، تربیت، ثقافت اور مسلم کمیونٹی کے اتحاد کا ایک جامع پلیٹ فارم بھی ثابت ہوا۔ رواں سال کنونشن کا مرکزی موضوع ’’ایک بہتر آسٹریلوی مستقبل کی تشکیل کے لیے اُٹھو،متاثرکرو اور رہنمائی کرو‘‘تھا۔
مذکورہ تِھیم کا مقصد آسٹریلیا میں مقیم مسلمانوں میں یہ شعور بےدار کرنا تھا کہ وہ صرف اس معاشرے کا حصّہ ہی نہیں بلکہ اس کی تعمیر و ترقّی میں قائدانہ کردار بھی ادا کرسکتے ہیں اورمثبت سوچ، دیانت دار قیادت، اجتماعی ذمّےداری اور عملی خدمت اس پیغام کی بنیاد تھے۔
اس غیرمعمولی اجلاس کی سب سے بڑی کشش اس میں عالمی شُہرت یافتہ اسلامی اسکالرز کی شرکت تھی، جن میں امریکا سے تعلق رکھنے والے جدید اور دینی علوم کے مشہور اسکالر یاسر قاضی، اسلامک سرکل، نارتھ امریکا کے نائب صدر، سیّد منصور اور امریکی مسلمانوں کی فقہی کاؤنسل سے وابستہ مولانا عبدالرحمٰن خان، جب کہ پاکستان کے مقبول مبلّغ، مولانا طارق جمیل اورمعروف عالمِ دین مولانا عطاالرحمٰن شامل تھے۔
کنونشن کے دوران مولانا طارق جمیل کے خطابات کا محور ایمان کی تجدید، اصلاحِ نفس، دِل کی پاکیزگی اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کی مضبوطی تھا۔ انہوں نے اُردو زبان میں سادہ اور دِل نشین انداز میں بتایا کہ ’’مضبوط معاشرہ مضبوط انسانوں سے اور مضبوط انسان اللہ سے جُڑ کربنتا ہے۔‘‘ حاضرین نے اُن کی پُراثر گفتگو خاصی عقیدت و رغبت سے سُنی۔ پاکستانی نژاد امریکی اسکالر، شیخ یاسر قاضی نے موجودہ دَور کے چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا۔
اُن کا بنیادی موضوع ’’مغربی معاشرے میں رہتے ہوئے اپنی اسلامی شناخت کوبرقراررکھنا‘‘تھا۔شیخ یاسر قاضی نے نوجوانوں کودرپیش فکری وسماجی مسائل، سوشل میڈیا کے اثرات، خاندانی نظام کی اہمیت اور معاشرے میں مسلمانوں کے مثبت اور فعال کردار پر مدلّل گفتگو کی اور ایک خصوصی پینل میں شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
پاکستان سے تشریف لانے والے معروف اسلامی اسکالر، ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے آسٹریلیا اور پاکستان کی مسلم کمیونٹیز کے درمیان علمی رشتے کومزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج ضرورت اس اَمر کی ہے کہ اسلامی علمی روایت اور جدید تعلیم کے امتزاج کو فروغ دیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اُٹھایا جائے۔‘‘ کنونشن کی تمام نشستوں کا خلاصہ یہ تھا کہ مسلمانوں کو اپنے کردار، اخلاق اور خدمتِ خلق سے آسٹریلوی معاشرے میں اثرونفوذ حاصل کرنا اور اپنے ایمانی کردار سے مقامی باشندوں کے دِل جیتنے ہوں گے۔
اس موقعے پر منتظمین کی جانب سے کنونشن کو تقاریر کی کثرت سے بوجھل ہونے سے بچانے کے لیے اسلامی ثقافت کے حسین رنگ بھی شامل کیے گئے اور اس مقصد کے تحت بھارت سے تعلق رکھنے والے عالمی شُہرت یافتہ شاعر، منظر بھوپالی مدعو تھے، جنہوں نے دونوں دن مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا توان کی شاعری نے دینی ماحول میں ادبی تازگی و چاشنی پیدا کردی۔
دوسری جانب ایفام کی جانب سے مشاعرے کا انعقاد اس بات کا بھی ثبوت تھا کہ ہمیں دین کے ساتھ ساتھ زبان و ادب اور مشترکہ تہذیبی وَرثے کو بھی زندہ رکھنا چاہیے، جو آسٹریلیا میں بسنے والے پاکستانی، بھارتی اور دیگر اُردو بولنے والوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے۔
کنونشن صرف تقاریر اور مشاعروں تک محدود نہیں تھا بلکہ اس موقعے پرشرکاء کے لیےایک سو سے زائد اسٹالز بھی لگائے گئے، جن میں اسلامی کُتب کے پبلشرز، تعلیمی اداروں، فلاحی تنظیموں اورمختلف کاروباری اداروں سے وابستہ شخصیات نے اپنی خدمات پیش کیں۔ علاوہ ازیں، بچّوں کے لیے اسلامی تربیتی پروگرامز اور مختلف تفریحی سرگرمیوں اور نوجوانوں کے لیے خصوصی یُوتھ سرکلز کا اہتمام کیا گیا۔
مزید برآں، جدید دَور کے تقاضوں کے پیشِ نظر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے موضوع پر ایک خصوصی سیشن بھی رکھا گیا، جس میں آسٹریلیا کی پرتھ یونی ورسٹی میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم فراہم کرنے والے پروفیسر مسعود احمد خان اور دیگر نوجوان ماہرین نے اے آئی سے متعلق لیکچرز دیے۔ اس موقعے پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان نوجوان ٹیکنالوجی کے اِس انقلاب میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔
کنونشن کے دوران ’’آئی فیم‘‘ کے صدر، رئیس خان نے اپنے خطاب میں مسلمان برادری کو نہایت اہم اور حقیقت پسندانہ پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کرامات نہ جادو… بلکہ مسلمانوں کو اپنی حالت بدلنے کے لیے خُود محنت کرنا ہوگی۔ صرف دعاؤں اور اچّھی خواہشات سے تبدیلی نہیں آتی۔ ہمیں اپنے عقیدے کو عمل میں ڈھالنا ہوگا۔ مضبوط ادارے بنانے ہوں گے۔
اپنے بچّوں کو بہترین تعلیم وتربیت فراہم کرنا ہوگی اور آسٹریلیا کے وسیع تر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ثابت کرنا ہوگا۔‘‘ اس موقعے پر انہوں نے کنونشن میں شریک تمام علماء، رضاکاروں، اسپانسرز اورتعاون کرنے والے اداروں بشمول ’’آسٹریلین نیشنل امام کاؤنسل‘‘ کا شکریہ ادا کیا۔
اس کنونشن کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں آسٹریلیا کی نام وَرسیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی، جب کہ حال ہی میں ’’آسٹریلین گرینز پارٹی‘‘ کے سربراہ منتخب ہونے والےسینیٹر ڈیوڈ شوبریج اور رُکنِ پارلیمنٹ، وارین کربی کی آمد نے یہ ثابت کیا کہ آسٹریلوی معاشرہ مسلم کمیونٹی کو ایک اہم اور ذمّےدار برادری کے طور پر دیکھتا ہے۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دِل چسپی کا باعث ہوگا کہ 1993ء سے آسٹریلیا میں فعال ’’آئی فیم‘‘ آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کی ایک بڑی اور پُرانی تنظیم ہے، جس کے تحت چیریٹی آسٹریلیا انٹرنیشنل، ہاؤس آف سکینہ، وائی اسلام اور یوتھ و یمنز ڈویژن جیسے کئی فلاحی ودعوتی ادارے کام یابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آسٹریلوی معاشرے میں اس تنظیم کے اثرات بتدریج بڑھ رہے ہیں اور کنونشن میں 5 ہزار سے زائد افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے۔ آخر میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس ’’دو روزہ ترغیب‘‘ کو دیرپا عمل میں کیسے بدلا جائے؟ کنونشن نےاپنا کام کردیا۔ اب ذمّےداری ہر فرد کی ہے کہ وہ ’’اُٹھو، متاثر کرو اور رہنمائی کرو‘‘ کے اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مستقبل کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔