• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات میں ’’فارمولا تحقیق‘‘ علمی زوال یا معیاری کارکردگی؟

عصرِ حاضر کی جامعات تیزی سے فکری تخلیق اور تنقیدی شعور کےگہواروں کے بجائے ایسی تجارتی منڈیوں کا روپ دھار چُکی ہیں، جہاں علم کی رُوح پسِ پشت ڈال کر اعداد و شمار (Metrics) کی مالا جَپی جاتی ہے۔ اس زوال کا سب سے بھیانک اور خاموش رُوپ وہ ’’فارمولا تحقیق‘‘ ہے، جس نے سماجی اور سائنسی علوم دونوں کی رُوح مسخ کر کے رکھ دی ہے۔ فارمولا تحقیق دراصل ایک ایسی میکانیکی مشق کا نام ہے، جو طے شدہ سانچوں، لگے بندھے ضابطوں اور کاپی، پیسٹ کی بنیاد پر انجام دی جاتی ہے۔

یہاں اصل جستجو، فکری جرأت اور تخلیقی چنگاری کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے۔ اکیڈمک دائروں میں اب اصل ہدف یہ نہیں ہوتا کہ محقّق نے کیا نیا دریافت کیا، بلکہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ اس کا مقالہ بین الاقوامی جریدوں کی انڈیکسنگ (W, X, Y کیٹیگریز) کےسانچے میں فِٹ بیٹھتا ہے یا نہیں۔

یونی ورسٹیز میں اساتذہ کی ترقی، تقرّر اور اکیڈمک سروائیول کا دارومدار صرف اور صرف مقالات کے انبار پر ہے۔ جب پیپر چھپوانا مجبوری، بقا کی جنگ بن جائے، تو گہرے اوراصل علمی مطالعے دفن ہوجاتے ہیں اور ’’جلدی اور زیادہ‘‘ چھپوانے کی ایک اندھی دوڑ شروع ہو جاتی ہے۔ رینکنگ اور فنڈز کے حصول کی ہوس نے اداروں کو ایسے کاغذی کارناموں کی ترویج پر لگا دیا ہے، جو فکری سطح پر بنجر مگر تیکنیکی کُلیوں پر پورے اُترتے ہیں۔

اس فکری بانجھ پن کےمعاشرتی نقصانات کا اندازہ لگانے کی کبھی زحمت ہی نہیں کی گئی۔ جب تحقیق پہلے سے تیارکردہ سانچوں میں ڈھلنے پر مجبور ہو، تو کوئی نیا زاویہِ نگاہ، کوئی تازہ فکری ہوا اور کوئی انوکھی پٹری نکالنے کی گنجائش ہی باقی نہیں رہتی، نتیجتاًتخیّلات کا جنازہ نکل جاتا ہے۔ ایسی کاغذی تحقیق، جو محض خانہ پُری یا کوٹا پورا کرنے کے لیے ہو، معاشرے کے سلگتے مسائل (جیسے تعلیمی زوال، فکری انتشار، معاشی بحران اور ابلاغیاتی عدم توازن) کا حل کیا خاک پیش کرے گی۔

یہ تو بس لائبریریزکی زینت بننے یا فائلز کا پیٹ بھرنے کے کام آتی ہے، اور یوں جامعات اور معاشرے کے درمیان ایک گہری خلیج حائل ہوجاتی ہے۔شارٹ کٹس کی اس دوڑنے علمیبد عنوانی، سطحی ڈیٹا مینیپولیشن، سرقہ نویسی (Plagiarism) کے دروازے بھی چوبیس گھنٹے کُھلے رکھے ہیں۔ اِسی فکری جمود کا ایک اورتلخ رُخ یہ ہےکہ ہماری صنعت اور کارخانوں کا ڈھانچا تاحال تحقیق و ترقی (R&D) کی اہمیت سے ناآشنا ہے۔

اگر گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ یہاں بھی محض ’’شارٹ کٹ‘‘ اور فوری منافعےکا کلچر اس قدر راسخ ہوچُکا ہے کہ وہ جامعات کی کسی بھی علمی کاوش یا اپلائیڈ ریسرچ کو بطورِ خام مال استعمال کرنے کی سکت ہی نہیں رکھتا۔ ہمارے ہاں کارخانوں اور صنعتی یونٹس کی اکثریت فیملی بزنس یا روایتی طرزِ تجارت پر چل رہی ہے، جہاں طویل مدتی سائنسی تحقیق پر سرمایہ کاری کو سُودمند نہیں سمجھا جاتا۔

انہیں تیار شدہ اور پہلے سے آزمودہ غیر ملکی فارمولوں، درآمدی مشینری اور پرانے دیسی طریقوں پر انحصار میں زیادہ عافیت نظر آتی ہے۔ نتیجتاً، صنعت کاروں کی ترجیح یہ ہوتی ہے کہ کم سے کم سرمائے سے زیادہ سے زیادہ فوری منافع حاصل کیاجائے، نہ کہ کسی مقامی یونی ورسٹی کے محقّق کے ساتھ مل کر کوئی معاشی رسک لیا جائے۔

دوسری طرف، اس خلیج کو چوڑا کرنے میں خود جامعات کا وہ روایتی، تنگ نظر رویہ بھی کارفرما ہے، جو برسوں سے اکیڈمک تنہائی کے خول میں محصور ہے۔ جب تک اکیڈمیا اور انڈسٹری کے مابین کوئی فعال اور باضابطہ پُل نہیں بنتا، صنعت کاروں کو یہ یقین نہیں دلایا جاتا کہ مقامی جامعات کی تحقیق اُن کی پیداواری لاگت کم اور معیار بہتر بناسکتی ہے، اس وقت تک کاغذوں میں سمٹی بہترین ایجادات بھی الماریوں کی زینت ہی رہیں گی۔

اس تعطل کو توڑنےکے لیے اب کاغذی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے۔ سب سے پہلے مقدار پرستی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ پروموشن اور اویلیوایشن کا نظام پلٹنا ہوگا۔ مقالات کی اندھی گنتی بند کی جائے اورباقاعدہ پرکھا جائے کہ فلاں تحریر نے علم میں کیااضافہ کیا، معاشرے پر اس کا کیا اثر مرتب ہوا۔ محققین کا روایتی خول سے نکل کر فکری آزادی کا احیاء ضروری ہے۔

انہیں پہلے سے طے شدہ فریم ورک کی غلامی سے آزاد کر کے ’’نِک ریسرچ‘‘ (Niche Research) اور نڈر، بےباک علمی مکالمے کی طرف راغب کیا جائے کہ تحقیق اگر جرأتِ فکر سے محروم ہو تو وہ تحقیق نہیں، محض کلرکوں والا کاغذی کام ہے۔ ریسرچ پیپرز کی جانچ میں اطلاقی پہلو واضح طور پر پیشِ نظر رکھا جائے، ورنہ ایسی تحقیق کا فائدہ صرف محققین کے CV میں پیپر کے اضافے اور اگلے گریڈ میں ترقی کے سوا کچھ نہیں ہوتا، جو وقت اور قومی فنڈز دونوں کا بے دریغ زیاں ہے۔

نیز، پالیسی سازوں کو کوسنے کے بجائے اس دوطرفہ بے اعتمادی کو بھی ختم کرنا ہوگا، جہاں صنعت کو ماننا پڑے گا کہ علم کے بغیر اب بقا ممکن نہیں، اور یونی ورسٹیز کو بھی اپنے برجِ عیش سےاتر کر مارکیٹ کی زمینی، کچی حقیقتوں کا ادراک کرنا ہوگا۔ جب تک علم کو محض بیوروکریٹک خانہ پُری ، ڈگریز کے حصول کا ذریعہ سمجھا جاتا رہے گا، معاشرے میں حقیقی فکری اور معاشی استحکام پیدا نہیں ہوسکتا۔

سنڈے میگزین سے مزید